سیکیورٹی فورسز نے بنوں کنٹونمنٹ پر حملہ آور تمام 16 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے ہلاک کیے گئے دہشت گردوں کی ویڈیو اور تصاویر جاری کی گئی ہیں۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہر قیمت پر اپنی قوم کی حفاظت کے لیے ہمارا عزم مضبوط ہے۔

واضح رہے کہ منگل کو افطار کے بعد دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کی تھی، دہشت گردوں نے بارود سے لدی 2 گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دی تھیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی بارود سے بھری گاڑیوں کے دھماکے سے قریبی مسجد کو بھی نقصان پہنچا، دھماکے سے قریبی گھروں کی چھت گرنے سے شہری زخمی و شہید بھی ہوئے۔دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 4 بچوں اور 2 خواتین سمیت 12 شہری شہید اور نمازیوں سمیت 32 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
بنوں حملے میں شہید ہونے والے 12 افراد میں سے 6 کا تعلق ایک ہی گھرانے سے ہے۔
گھر کے سربراہ خلیل نواز کا کہنا ہے کہ ابھی روزہ افطار ہی کیا تھا کہ دھماکا ہوگیا، پہلے دھماکے کی شدت کچھ کم تھی لیکن دوسرے دھماکے سے گھر کی چھتیں اور دیوار ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔خلیل نواز نے کہا کہ دھماکے میں ان کی 4 بیٹیاں ،ایک بیٹا اور ایک بہو شہید ہوئے۔خیال رہے کہ خارجی عناصر نے بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گرد حملے کی کوشش کی ، حملہ آوروں نے کنٹونمنٹ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری 2 گاڑیاں چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرائیں، بہادر جوانوں نے حملہ آوروں کا مؤثر مقابلہ کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے حملہ کرنے والے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک دہشت گردوں میں 4 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے، شدید جھڑپ میں 5 بہادر جوان دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔ خودکش دھماکوں سے چھاؤنی کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، قریب واقع ایک مسجد اور ایک رہائشی عمارت شدید متاثر ہوئیں، مسجد اور عمارت کے متاثر ہونے سے 13 بےگناہ شہری شہید، 32 زخمی ہوگئے۔
Post your comments