ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای اسرائیل پر حملے کے بعد پہلی بار منظر عام پر آ گئے۔
انہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں بےامنی کی جڑ امریکا اور بعض یورپی ممالک ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ امریکا و یورپی ممالک کے خطے میں موجودگی کم کرنے سے جنگیں اور جھڑپیں مکمل ختم ہوں گی، خطے کے ممالک اپنا اور خطے کا انتظام سنبھال سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد ملک میں سوگ کی فضاء ہے، ہم سوگوار ہیں، سوگواری کا مطلب یہ نہیں کہ ہم کسی کونے میں بیٹھ جائیں۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے یہ بھی کہا کہ ہمارا سوگ ہمیں آگے اور پیش رفت کی طرف لے جاتا ہے۔واضح رہے کہ منگل کو ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں درجنوں دھماکے ہوئے، اس دوران دارالحکومت سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجائے جاتے رہے اور تمام شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا۔گزشتہ شب ہونے والے ایران کے بیلسٹک میزائل حملوں نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کو زیرِ زمین جانے پر مجبور کر دیا۔
اسرائیل سیخ پا، انتونیو گوتیرس کو ملک میں داخلے سے روک دیا
اسرائیلی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کو ملک میں داخلے سے روک دیا ہے۔اسرائیلی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کو اسرائیل پر ایران کے بڑے میزائل حملے کی واضح طور پر مذمت کرنے میں ناکامی پر اسرائیل میں داخل ہونے سے روک رہے ہیں۔دوسری جانب امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل چند دن میں ایران پر جوابی حملہ کر سکتا ہے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایران کی تیل کی تنصیبات اور دیگر اسٹریٹجک مقامات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔واضح رہے کہ منگل کو ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔
Post your comments