حکومت انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کرے گی، نان فائلرز کے خلاف کارروائیاں یکم نومبر کے بعد سے شروع ہوں گی۔
چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) راشد لنگڑیال کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سخت ہدایت ہے کہ ٹیکس چور کو نہیں چھوڑنا ہے۔راشد لنگڑیال نے بتایا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد دگنی سے بڑھ کر 40 لاکھ ہوگئی۔ پچھلے سال 14 لاکھ افراد نے ٹیکس گوشوارے جمع کروائے تھے۔
ایف بی آر کو 9 لاکھ 42 ہزار نئے ٹیکس فائلر مل گئے
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو یکم جولائی سے 8 اکتوبر 2024ء کے دورانیے میں 9 لاکھ 42 ہزار نئے ٹیکس فائلر مل گئے۔ایف بی آر حکام کے مطابق 8 اکتوبر تک 40 لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروا دیے ہیں۔حکام کے گزشتہ برس اسی دورانیے میں 20 لاکھ 67 ہزار گوشوارے جمع ہوئے تھے جبکہ اس بار جلدی فائلنگ کرنے والوں کی تعداد میں 20 لاکھ 11 ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔ایف بی آر حکام کے مطابق رواں مالی سال گوشواروں کے ساتھ 106 ارب سے زائد کا ٹیکس جمع ہوگیا ہے، مالی سال 2023ء میں 63 لاکھ 54 ہزار گوشوارے جمع ہوئے تھے۔حکام کے مطابق یکم جولائی سے 8 اکتوبر تک 9 لاکھ 42 ہزار نئے فائلرز نے رجسٹریشن کرائی، گزشتہ سال کے اسی عرصے میں تقریباً 4 لاکھ نئے فائلر رجسٹر ہوئے تھے۔
بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 مہینوں میں آئی ایم ایف کے 3 سالہ پروگرام سے زائد ڈالرز پاکستان بھیج دیے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے ماہِ ستمبر 2024ء میں ورکرز ترسیلاتِ زر کی تفصیلات جاری کر دیں۔ترسیلاتِ زر ستمبر 2024ء میں 2.8 ارب ڈالرز رہیں جو کہ ستمبر 2023ء کے مقابلے 29 فیصد زائد ہیں۔سعودی عرب سے ستمبر میں 68 کروڑ ڈالر جبکہ متحدہ عرب امارات سے ستمبر میں 56 کروڑ ڈالر بھیجے گئے ہیں۔3 مہینوں میں ورکرز ترسیلات کی ماہانہ اوسط 2.92 ارب ڈالرز رہیں۔سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں نے 3 ماہ میں 2.15 ارب ڈالرز بھیجے۔متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے 3 ماہ میں 1.70 ارب ڈالرز بھیجے جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے 3 ماہ میں 1.34 ارب ڈالرز بھیجے ہیں۔یورپی یونین میں مقیم پاکستانیوں نے 3 ماہ میں 1.09 ارب ڈالرز جبکہ امریکا سے 3 مہینوں میں 89 کروڑ ڈالرز پاکستان بھیجے گئے۔علاوہ ازیں دیگر خلیجی ممالک سے 3 مہینوں میں 86 کروڑ ڈالرز بھیجے گئے۔معاشی تجزیہ کار محمد سہیل نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ورکرز ترسیلات کا مضبوط بہاؤ روپے کو استحکام فراہم کرے گا۔محمد سہیل نے کہا ہے کہ ورکرز ترسیلات کا بہاؤ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کو قابو میں رکھے گا۔
Post your comments