دریائے راوی میں نچلے درجے کا سیلاب، متعدد دیہات کی فصلیں زیرِ آب، ریلیف کیمپس قائم

دریائے راوی میں کمالیہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ایس ڈی او ایریگیشن کے مطابق دریائے راوی کے مل فتیانہ کے مقام سے 50 ہزار کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے۔

انتظامیہ نے مل فتیانہ، کوٹ پٹھانہ، اڈا کلیرا، موضع تارا، حویلی مائی صفوراں، کوٹ کرم شاہ اور ڈیڈھی میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے۔

پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کیلئے ڈرون مانیٹرنگ کا آغاز

سیلابی پانی کے باعث مل فتیانہ، خان دا چک، جھلار سگلہ، شہابل شاہ، بستی پیپل والا اور موضع درسانہ میں فصلیں زیرِ آب آ گئیں۔

ایس ڈی او ایریگیشن نے دریائی بیلٹ میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے۔

پنجاب میں پہلی مرتبہ سیلاب کی پیشگی اطلاع کےلیے ڈرون مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے ڈرون مانیٹرنگ سے سیلابی ریلے کی آمد کی نشاندہی ممکن ہوگی۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر تمام بیراجوں، دریاؤں اور ہیڈ ورکس کی ڈرون سرویلنس شروع کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تریموں بیراج میں ڈرون سرویلنس کے دوران واٹر لیول نارمل پایا گیا، پاکپتن میں دریائے راوی اور ستلج میں بھی واٹر لیول کی ڈرون مانیٹرنگ کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں دریائے چناب کے طالب والا پل پر ڈرون مانیٹرنگ میں پانی کا بہاؤ نارمل پایا گیا۔ ہیڈسدھنائی پر ڈرون مانیٹرنگ سے پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق ہیڈ مرالہ میں ڈرون سرویلنس کے دوران پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 74 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ منڈی بہاؤالدین کے رسول بیراج پر بھی پانی کا مانیٹر کیا گیا۔

خیبر پختونخوا میں 24 سے 27 جولائی تک بارش کی پیشگوئی ہے۔ 

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے فصلوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بجلی کے کھمبوں، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو تیز ہواؤں سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو حساس علاقوں میں پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت کردی جبکہ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت بھی کردی ہے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

واسا لاہور نے بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے، اب تک سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 83 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

واسا کے اعداد و شمار کے مطابق لاہور کے علاقے چوک ناخدا اور پانی والا تالاب میں 77 ، 77 ملی میٹر، جبکہ سگیاں میں 61.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

جیل روڈ پر 30.8، ایئر پورٹ پر 15.8، گلبرگ میں 17، اپر مال میں 53.2، مغل پورہ میں 24.8، تاج پورہ میں 26.4، نشتر ٹاؤن میں 20.8، فرخ آباد میں 53.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

واسا کے مطابق گلشنِ راوی میں 35.6، اقبال ٹاؤن میں 13.4، سمن آباد میں 39، جوہر ٹاؤن میں 25.4، ڈیفنس روڈ پر 7.6، شادی پورہ میں 27.6 ملی میٹر بارش ہوئی۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *