دبئی دنیا بھر میں اپنے شاندار فنِ تعمیر اور قابلِ ذکر فلک بوس عمارتوں کی وجہ سے مشہور ہے اور دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ یہاں کی شان و شوکت کی علامت ہے۔
اب دبئی میں ایک منفرد عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جس کی چوڑائی ایک اپارٹمنٹ کے سائز سے زیادہ نہیں ہو گی۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شہر کی جدت طرازی کو ظاہر کرتے ہوئے دبئی میں جس انتہائی پتلی فلک بوس عمارت کی تعمیر کرنے کے منصوبے کی رونمائی کی گئی ہے اس کا نام ’مرابہ ویل‘ ہے۔اس عمارت کے بارے میں جو تفصیلات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق اس 73 منزلہ عمارت کی بلندی1,247 فٹ ہو گی جبکہ اس کی چوڑائی صرف 74 فٹ ہو گی۔اس عمارت میں 131 اپارٹمنٹس ہوں گے جن میں سے ہر ایک میں 2 سے 5 بیڈرومز ہوں گے۔علاوہ ازیں اس اعلیٰ درجے کے اپارٹمنٹ بلاک میں ایک اسپا، ریسٹورنٹ، گیلری، پیڈل کورٹ اور نجی فلم تھیٹر سمیت کئی تفریحی سہولتوں کی ایک وسیع رینج پیش کی جائے گی۔’مرابہ ویل‘ کو دبئی میں شیخ زید روڈ سے گزرنے والی نہر کے کنارے تعمیر کیا جائے گا۔ اس انوکھی عمارت کو ہسپانوی کمپنی آر سی آر آرکیٹیکٹس نے ڈیزائن کیا ہے، جس نے 2017ء میں فنِ تعمیر کے نوبیل انعام کے نام سے مشہور ’پرٹزکر پرائز‘ اپنے نام کیا تھا۔امید ہے کہ ’مرابہ ویل‘ کی تعمیر دسمبر 2028ء تک مکمل ہو جائے گی اور اس عمارت کے ایک اپارٹمنٹ کی قیمت کم سے کم 4.9 ملین ڈالرز ہو گی۔
Post your comments