چین سے آہنی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری، وزیراعظم، چینی وفد کی فیلڈ مارشل سے بھی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے روابط پر استوار ہے، چین سے آہنی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ چینی وفد نے کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے بین الاقوامی محکمے کے وزیرلیو ہائی شینگ کی قیادت میں وزیر اعظم اور فیلڈمارشل عاصم منیر سے الگ الگ ملاقات کی۔اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دوطرفہ و کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ کے پارٹی سازی سے متعلق نظریات کے موضوع پر سمپوزیم اور چین پاکستان گورننس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا کہ قومی اتحاد، ادارہ جاتی استحکام اور پائیدار ترقی کیلئے بصیرت افروز قیادت ناگزیر ہے، پاکستان اور چین کی شراکت داری خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کیلئے ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد ذریعہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر بین الاقوامی امورلیو ہائی شینگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاکستان و چین کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں شخصیات نے پاکستان اور چین کے درمیان آزمودہ تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور آزمودہ تعلقات وقت کی ہر کسوٹی پر پورے اترے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں