سعودی کابینہ کا یمن کی آئینی حکومت کیلئے مکمل تعاون کا اعادہ

سعودی کابینہ کے اجلاس میں یمن کی آئینی حکومت کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ کیا گیا ہے۔

سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت سعودی کابینہ کے اجلاس میں یمن میں آئینی حکومت اور صدارتی قیادت کونسل کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں علاقائی صورتِ حال اور عالمی امور کا جائزہ لیا گیا اور کابینہ نے مکہ دفاعی اتحاد کی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے نتائج کو سراہا۔

کمیٹی کے تینوں ملکوں نے سعودی شہری اور اقتصادی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی جبکہ مشترکہ دفاعی ذمے داریوں پر فوری عملدرآمد، فوجی تیاری اور باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی فوجی اتحاد نے کہا ہے کہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی شہر ’خمیس مشیط‘ کی طرف فائر کیا گیا ایک بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیا۔

سعودی فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے میزائل حملوں کے خدشات یمن کے دارالحکومت صنعاء، صعدہ اور عمران سے درپیش ہیں جو گروپ کے زیرِ کنٹرول علاقے ہیں۔

دوسری جانب یمن میں حوثیوں کی اکثریتی تنظیم انصار اللّٰہ پر سعودی اتحادی افواج کے حملے جاری ہیں۔

سعودی اتحاد کے مطابق صنعا، صعدہ اور حدیدہ میں اسلحہ ڈپو، دھماکاخیز بوٹ، ویئر ہاؤسز، بحری سرنگیں، بیلسٹک میزائل لانچنگ پلیٹ فارم اور بیلسٹک میزائلوں کا گودام تباہ کردیا ہے۔

یمن کی خبر ایجنسی کے مطابق تعز میں حوثی ملیشیا کے ڈھائی سو جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں