class="wp-singular post-template-default single single-post postid-16366 single-format-standard wp-theme-resolution eio-default kp-single-standard elementor-default elementor-kit-7">

اورکزئی میں آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 19 خوارج ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل، میجر سمیت 11 شہید

سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 19 خوارج کو ہلاک کر دیا تاہم شدیدفائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق‘ میجر طیب راحت اورنائب صوبیدار اعظم گل سمیت11جوان شہید ہوگئے ۔شہداءکی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی جس میں شہباز شریف‘ فیلڈ مارشل سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے19 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہےجبکہ صدرمملکت نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر لازوال مثال قائم کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر 7 اور 8 اکتوبر 2025ء کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فوجیوں کی مؤثر کارروائی کی وجہ سے 19 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے ضلع راولپنڈی کے رہائشی 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ ضلع راولپنڈی کے رہائشی 33 سالہ میجر طیب راحت بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے، جھڑپ میں دیگر 9 جوان بھی شہید ہوگئے۔شہادت پانے والے 9 بہادر سپاہیوں میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عادل حسین، نائیک گل عامر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائک تالش فراز،لانس نائک ارشد حسین، سپاہی طفیل خان،سپاہی عاقِب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی باقی بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیننگ آپریشن جاری ہے، اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایتی دہشت گردی کے ناسور کو مٹانے کے عزم پر قائم ہیں۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے پاک سعودی اسٹرٹیجک دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا اور کسی بھی “نئے نارمل” کا مقابلہ ایک نئے‘ تیز اور مؤثر جوابی نارمل سے کیا جائے گا۔ مخصوص سیاسی سرپرستی میں دہشتگردی اور جرائم کاگٹھ جوڑ ریاست اور عوام کےمفادات کو نقصان پہنچارہا ہےجسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا‘اشتعال انگیزبیانات بھارت کی پرانی عادت ہیں‘دشمن کی جغرافیائی برتری کے کسی بھی تصور کو نیست و نابود کر دیں گے ۔آرمی چیف فیلڈمارشل سیدعاصم منیرنے غیرملکی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پاک فوج کےجوانوں کے جذبے،عزم اور حوصلے کو سراہا اورکہاکہ پاکستان آرمی روایتی‘ غیر روایتی، ہائبرڈ اور غیر متناسب تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 272 ویں کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیوراولپنڈی میں ہوئی جس میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والے دہشتگرد حملوں کےشہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ فورم نے دہشتگردی کے خلاف آپریشنز، اُبھرتے خطرات اور آپریشنل تیاریوں کا جامع جائزہ لیااور کہا کہ پاک فوج ملک دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کوہرمیدان میں ناکام بنانے کےلیےہمہ وقت تیار ہے۔فورم نے بھارتی سیاسی وعسکری قیادت کے حالیہ غیرذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پرشدیدتشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بیانات بھارت کی پرانی عادت ہیں اور سیاسی مفادات کے لیے جنگی جنون پیدا کرنے کا تسلسل ہیں، ایسے بیانات خطے میں کشیدگی بڑھانے اور امن و استحکام کے لیے خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں ۔

About the author /


Related Articles

Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Newsletter