میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو تبدیل نہ کرنے پر پاکستان نے ایشیاء کپ میں مزید کوئی میچ نہ کھیلنے کی دھمکی دے دی۔
ذرائع کے مطابق میچ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیاء کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔اس حوالے سے ایک بیان میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی نے آئی سی سی کو شکایت کی ہے، میچ ریفری نے کرکٹ کی اسپرٹ کے خلاف اقدامات کیے۔انہوں نے کہا کہ میچ ریفری کی جانب سے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر باضابطہ شکایت کی گئی، پی سی بی نے ایشیاء کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔دوسری جانب گزشتہ روز ایشیاء کپ میں پیش آنے والے حالات پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی اور ایم سی سی کو تفصیلی خط لکھ دیا ہے۔ایشیاء کپ 2025ء کے چھٹے میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے نامناسب رویے، قوانین اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر پی سی بی نے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کروا دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیاء کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔احتجاجی خط ایشیاء کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران پیش آنے والے واقعہ کی روشنی میں لکھا گیا ہے۔خط میں کہا گیا کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا کہ ٹاس کے موقع شیک ہینڈ نہیں ہوگا۔خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میچ ریفری نے اپنی ذمے داریوں کو نہیں نبھایا۔ میچ ریفری نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔ اسپرٹ آف دی گیم کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ میچ ریفری کا کنڈکٹ اسپرٹ آف دی گیم اور ایم سی سی قوانین کے منافی ہے۔ پی سی بی سمجھتا ہے کہ یہ بہت بڑی خلاف ورزی ہے، جس پر اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانا چاہیے۔ذرائع کے مطابق اینڈی پائی کرافٹ نے اس سے قبل پاکستان میڈیا مینجر سے کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔
ایشیاء کپ 2025ء کے چھٹے میچ کے دوران بھارتی ٹیم کے نامناسب رویے پر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
ایک بیان میں محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ میں اسپورٹس مین شپ نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا اس کی اصل روح کے خلاف ہے۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اُمید ہے آئندہ فتوحات تمام ٹیمیں وقار اور خوش اخلاقی سے منائیں گی۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹاس کے وقت میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی۔واضح رہے کہ ٹی 20 ایشیاء کپ 2025ء کے چھٹے میچ کے دوران پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں دوریاں رہیں۔ایونٹ کے اہم ترین میچ کے ٹاس کے وقت بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے پاکستانی قائد سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا۔میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان بات چیت کے لمحات بھی نظر نہیں آئے۔میچ کے اختتام پر بھارتی بیٹرز پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ہی ڈریسنگ روم چلے گئے۔
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 2025ء کے چھٹے میچ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے بھارتی عوام کو پاک فوج کے ہاتھوں عبرتناک شکست کی یاد دلادی۔
دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج پاک بھارت میچ میں گرین شرٹس کو ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن پاکستانی عوام نے مایوسی کے بجائے طنز و مزاح کے ذریعے اپنا غصہ ٹھنڈا کیا۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی مداحوں نے اپنی خفگی کم کرنے کے لیے رواں سال مئی میں پاک فوج کے ہاتھوں بدترین شکست اور رافیل طیارے گرانے کا 0-6 کا اسکور یاد دلادیا، جب پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 6 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
ایک صارف نے ایکس پر پوسٹ میں لکھا کہ میچ جیتیں یا ہاریں، جنگ تو ہم جیتے ہیں، ایک اور صارف نے لکھا کہ ہمارا قومی کھیل بھارتی طیارے گرانا ہے، جس کا اسکور 0-6 ہے۔
ایک اور نے کہا کہ اصل اسکور کارڈ کرکٹ کا نہیں، فضاؤں کا ہے، 6 بھارتی طیارے گرے تھے، یہی حساب تاریخ یاد رکھے گی۔
کئی صارفین نے طنزیہ انداز میں بھارتی شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پریشان مت ہو، یہ صرف کرکٹ ہے، جنگ نہیں، ورنہ تمہیں اصل اسکور معلوم ہے۔
Post your comments