ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹے ملتان کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گجرات میں غیر متوقع بارش پہلی بار نہیں ہوئی، گجرات میں بارشوں کی وجہ سے ریسکیو میں مشکلات ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ تینوں دریاؤں میں سیلابی صورتِ حال کی وجہ سے 13 لاکھ ایکڑ زرعی اراضی زیر آب ہے، پنجاب کے 4 ہزار دیہات سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ٹیکنیکل اسٹڈیز کے بعد ہی بریچ کا فیصلہ ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خانکی کے مقام پر ساڑھے 10 لاکھ کیوسک کا ریلا آیا، سیلاب کی وجہ سے پنجاب بھر میں ریلوے ٹریک کا نظام متاثر ہوا، سیلاب متاثرہ علاقوں میں فیومیگیشن کروا رہے ہیں۔
گجرات میں 577 ملی میٹر کی ریکارڈ بارش سے برساتی نالے بپھر گئے، کئی دیہات ڈوب گئے، فصلوں کو نقصان پہنچا، شہری علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ جیل اور احاطہ سیشن کورٹ میں بارش کا پانی داخل ہوگیا، کئی قیدیوں کو لاہور اور گوجرانوالہ جیل منتقل کیا گیا۔ضلع بھر کے تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے، پانی کی نکاسی کے لیے گوجرانوالہ سے بھی مشینری اور گاڑیاں بھجوا دی گئیں۔جلال پور جٹاں میں دو منزلہ خالی عمارت گر گئی، سیلاب سے عمارت کی بنیادیں کمزور ہوگئی تھیں۔کمشنر گوجرانوالہ نے بتایا کہ مدینہ سیداں کے قریب حفاظتی بند باندھ کر پانی کو برساتی نالے میں موڑا جا رہا ہے، پانی کی نکاسی کے لیے گوجرانوالہ سے بھی مشینری،گاڑیاں بھجوائی گئی ہیں۔دوسری جانب دریائےچناب میں آنے والا دوسرا بڑا سیلاب ہیڈ تریموں کی طرف رواں دواں ہے۔
امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ حالیہ چند برسوں میں موسمیاتی تغیراتی عمل کے باعث نہ صرف پاکستان کے ترقیاتی عمل کی رفتار بلکہ ترقیاتی پھیلاؤ کی شرح بھی متاثر ہوئی ہے۔
سفیر پاکستان نے یہ بات واشنگٹن ڈی سی میں تقریب سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تاحال تمام توجہ امدادی اور ریلیف سرگرمیوں پر مرکوز ہے ۔ رضوان سعید شیخ نے اس کوشش میں امریکی پاکستانی کمیونٹی کے بھرپور تعاون کی اپیل ہے۔
Post your comments