موٹر وئے پولیس انسپکٹر مشاہد حسن اور ٹریفک پولیس انسپکٹر غلام شبیر کی ٹیم کے ہمراہ خصوصی شرکت
جہلم (زاہد خورشید) اثریہ بوائز اسکول اینڈ کالج جہلم میں 14 اگست کی مناسبت سے جشنِ آزادی کی پروقار اور پُررونق تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلبہ، اساتذہ اور معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسول ﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر طلبہ کے درمیان تقریری مقابلہ اور “معلوماتِ پاکستان” کوئز منعقد کیا گیا، جن میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ کو مہمانانِ خصوصی موٹر وئے پولیس انسپکٹر مشاہد حسن نے اپنی فورس کی جانب سے انعامات سے نوازا۔ افسران نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کا جذبہ حب الوطنی ملک کا قیمتی سرمایہ ہے۔ تقریب میں رنگا رنگ ٹیبلوز، ملی نغمے اور پاکستان سے محبت پر مبنی شاعری بھی پیش کی گئی، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ اس کے بعد مہمان خصوصی ٹریفک پولیس انسپکٹر غلام شبیر نے پرنسپل محمد زاہد خورشید ، ایڈمن بدر خورشید اور اساتذہ کے ہمراہ کیک کاٹا اور پرچم کشائی کی ، جہاں سب نے قومی ترانہ یک زبان ہو کر پڑھا۔ فضا میں سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے حب الوطنی کا جذبہ نمایاں نظر آ رہا تھا۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل محمد زاہد خوشید نے بہترین کارکردگی پیش کرنے والے طلباء کو کیش انعامات اور شیلڈز دیں اور کامیاب پروگرام منعقد کرنے پر اساتذہ و طلباء کا شکریہ ادا کیا اور وطن عزیز کی سلامتی و ترقی اور پاک فوج کے لیے خصوصی دعا کی۔
Post your comments