آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر وزیراعظم نے ہر سال 10 مئی کو یوم ’معرکۂ حق‘ منانے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یوم معرکۂ حق ملک میں جوش و خروش اور جذبہ ملی وحدت سے منایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے، ہم یہ فرض پورا کریں گے، معرکہ حق کے زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع کیلئے خدمات سر انجام دینے والوں کا اعتراف قومی سطح پر کیا جائے گا، دفاع پاکستان میں کسی بھی محاذ پر خدمات سر انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق معرکۂ حق میں شہید شہریوں کے ورثاء کی 1 کروڑ روپے مالی معاونت کی جائے گی جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔پاک فوج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک مکمل تنخواہ، الاؤنسز جاری رہیں گی، پاک افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی، پاک فوج کے ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کیلئے 10 لاکھ روپے میرج گرانٹ دی جائے گی۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاک افواج کے زخمیوں کو 20 لاکھ سے 50 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔بھارتی حملے میں متاثر گھروں، مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی۔
قومی اسمبلی میں افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے قراداد پیش کی گئی، جو متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
اجلاس کے دوران افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے قرارداد وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کی، اور کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے متحد ہوکرپاکستان کےلیے کردار ادار کیا، ہم نے تمام جماعتوں کی مشاورت سے یہ قرارداد تیار کی ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان پاکستانی افواج کو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جرأت پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، قوم نے تمام اختلافات سے بالا تر ہوکر قیادت کے پیچھے ایک آواز ہو کر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔افواج نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف انتہائی ذمہ داری اور مناسب ردعمل سے دفاع کیا، یہ ایوان دھرتی ماں کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، یہ ایوان شہداء کی قربانی کو قومی فخر، اتحاد اور حوصلے کی علامت قرار دیتا ہے۔ایوان ان دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے پاکستان کی حمایت کی، یہ ایوان علاقائی اور عالمی امن کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتا ہے،خطے میں دیرپا امن صرف سنجیدہ اور منظم مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بین الاقوامی برادری کو متحرک کرے، یہ ایوان سندھ طاس معاہدے پر مکمل عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیتا ہے، یہ ایوان پاکستان کے پانی کے حقوق کے تحفظ کو قومی سلامتی کا اہم جزو قرار دیتا ہے۔
بھارتی ڈرون حملے میں 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی شہید ہوا، وزیر داخلہ محسن نقوی شہید نوجوان کے گھر پہنچ گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی آج راولپنڈی میں بھارتی ڈرون حملے میں شہید نوجوان کے لاہور میں واقع گھر پہنچے۔لاہور میں واقع شہید نوجوان کے گھر پہنچنے کے بعد محسن نقوی نے شہید محنت کش علی حیدر کے والدین اور بہن بھائیوں سے اظہار تعزیت کیا۔لاہور سے تعلق رکھنے والا علی حیدر 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ شہیدوں کی قربانی کی وجہ سے جنگ میں فتح ہوئی، بھارت اب پاکستان پر کسی ایڈونچر سے پہلے سو دفعہ سوچے گا۔محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو صرف فوجی نہیں سفارتی اور میڈیا کے محاذ پر بھی شکست دی، پاکستان کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلگام کے بعد بھارت نے جس طرح ڈرامہ بنایا، اس سے تو کوئی انہیں روک سکتا، بلوچستان میں بھی دہشتگردوں کو بھارت کی طرح شکست دیں گے، ڈیجیٹل دہشتگردوں سے بھی نمٹ لیں گے۔
بھارتی فوج کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ قصور میں ادا کی گئی۔ جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور اعلیٰ فوجی و سول حکام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بھارت نے بزدلانہ حملوں کے دوران پاکستان میں مساجد اور شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں کے دوران شہید ہونے والے معصوم بچوں، خواتین اور شہریوں کی غائبانہ نماز جنازہ قصور کے علاقے کھڈیاں میں ادا کی گئی۔ قاری صہیب احمد میر محمدی نے نماز جنازہ پڑھائی۔نماز جنازہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سیاسی رہنما، سول و فوجی حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ نماز جنازہ کے بعد خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔نماز جنازہ سے قبل اپنے خطاب میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان، آرمی چیف، ایئر و نیول چیف کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ہم نہ ڈریں گے نہ جھکیں گے۔ آپ نے ثابت کیا امن خواہش ہے اگر کوئی حملہ کرے گا تو دانت کھٹے کریں گے۔ بچہ ہو بوڑھا یا جوان، سب افواج کے ساتھ تیار تھے۔ بھارت کو جو جواب ملا اسے دنیا تسلیم کررہی ہے۔غائبانہ نماز جنازہ کے بعد شہریوں نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔
Post your comments