بھارتی فوج شکست کے بعد لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے لگی جس کے بعد پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
لائن آف کنٹرول پر ایک مرتبہ پھر بھارتی جارحیت میں پہل کے بعد پاکستان کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کر کے ہجیرہ، فارورڈ کہوٹہ اور کھوئی رٹہ میں سول آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 5 شہری شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔بھارتی فوج نے شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا تاہم پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کی توپیں خاموش ہوگئیں۔ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کے بلااشتعال فائرنگ کرنے پر پاک فوج نے بھی پھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں کئی بھارتی چیک پوسٹیں تباہ ہوگئیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ کیلر سیکٹر میں ڈوبہ مور پوسٹ اور بٹالین ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا گیا ہے۔ حاجی پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی رِنگ کنٹوئر اور پوکران مارٹر بگھسر پوسٹ کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سوجی اور پیر کانتھی سیکٹر میں جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس بھی مکمل تباہ کردیا گیا ہے۔کیلر سیکٹر میں دشمن کی مہیری پوسٹ خالصہ ٹاپ اور رکھ چکری سیکٹر میں دنا ٹاپ اور ماؤنڈ پوسٹ بھی تباہ کردی گئی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کے تازہ ترین حملوں میں دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
بھارتی اکاؤنٹس پر نشر ہونے والی پرانی ویڈیو کو جموں بیس پر پاکستانی میزائل حملے سے جوڑنے کی سازش بےنقاب ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق بھارتی میڈیا اور بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے منسک اکاؤنٹس سے پاکستانی حملے کا گمراہ کن پروپیگنڈے کا سلسلہ جاری ہے۔حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا اور ان سے منسلک اکاؤنٹس پر اسرائیل کے آئرن ڈوم کی پرانی ویڈیو کو جموں بیس پر پاکستانی میزائل حملے سے جوڑا گیا۔
وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ اس کے قریب ترین حلیف بھی نہیں کھڑے، اسرائیل کا بھارت کے ساتھ کھڑا ہونا فطری ہے، اسرائیل اور بھارت مسلمان دشمنی میں اکٹھے ہیں۔
خواجہ آصف نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم کا مؤثر انداز میں جواب دیا جا رہا ہے، کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، ہم 200 فیصد تیار ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خطے کی خطرناک صورتحال کا تمام تر ذمہ دار بھارت ہے، پورا خطہ جنگ کے دہانے پر ہے، ملکی سلامتی پر ہر گز آنچ نہیں آنے دیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات ہوئی، جس میں پاک بھارت کشیدگی اور سرحدوں کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کو کشیدگی سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔ محسن نقوی نے بھارت کی ڈورن دہشت گردی سے متعلق بھی قائم مقام امریکی سفیر کو بریف کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے عالمی قوانین پامال کر کے شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، پاکستان نے مؤثر کارروائی کر کے درجنوں ڈرونز کو مار گرایا۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ گودی میڈیا جرنلزم کے نام پر سیاہ دھبہ بن چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے بھارتی میڈیا کے پروپیگنڈے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گودی میڈیا کے نزدیک بھارت نے پورا پاکستان فتح کرلیا جبکہ پاکستان کے تمام شہر محفوظ ہیں، معمولات زندگی معمول کے مطابق ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا میڈیا بھارتی حکومت اور گودی میڈیا کا مذاق اڑا رہا ہے، بھارت نے 1965میں بھی لاہور فتح کرنے کا خواب دیکھا تھا تب بھی اسے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ 3 دن سے بھارتی فورسز پاکستان کی فورسز سے ذلت آمیز شکست کھا رہی ہیں، اللّٰہ کا شکر ہے کہ پاکستان کے تمام طیارے مکمل محفوظ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
مریم نواز نے پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے، انہوں نے کہا کہ محافظانِ فضائے وطن، آپ کی مہارت، حکمتِ عملی، اور حوصلے نے فضاؤں میں پاکستان کو ایک شاندار فتح سے ہمکنار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فضائیہ کی کارکردگی نے اعلیٰ ترین معیار قائم کردیا ہے۔ سلام ہے پاک فضائیہ پر، پاکستان آپ پر فخر کرتا ہے، شاباش! پاکستان زندہ باد۔
Post your comments