پاکستان کی جانب سے بھارت کے فضائی حملوں کا بھرپور جواب دیا جارہا ہے، پاکستانی ایئرفورس نے رافیل سمیت بھارت کے 5 جہاز اور ایک ڈرون مار گرایا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی میں برتری حاصل کر لی ہے، پاکستان نے کئی بھارتی فوجی قیدی بنالیے ہیں۔جن 5 بھارتی طیاروں کو مار گرایا گیا ہے ان میں سے ابتدائی دو طیاروں کے بارے میں دفاعی امور پر خبریں دینے والی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ سخوئی اور رافیل ہو سکتے ہیں۔دفاعی امور پر خبریں دینے والی ویب سائٹ کے مطابق پاک فضائیہ نے بھارتی Su-30 طیارے کو اکھنور کے قریب مار گرایا، پاکستانی لڑاکا طیارے نے بھارتی طیارے کو فضا سے فضا میں میزائل کا استعمال کرتے ہوئے مار گرایا ہے۔دوسرے بھارتی لڑاکا طیارے کو پاکستانی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل نے مار گرایا۔غیرملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائیہ کی جانب سے تباہ کیا گیا تیسرا بھارتی طیارہ، رافیل ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مار گرائے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل،1 مگ 29 اور ایک ایس یو 30 شامل ہے۔اس سے قبل انٹرنیشنل میڈیا کو انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کے 2 جنگی جہاز مار گرانے کی تصدیق کی تھی۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج دشمن کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے جوابی حملے میں بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ کردیا ہے جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کا 12 انفنٹری بریگیڈ 9 ڈویژن اور 15 کور کے زیر کمان ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ پاک فوج کی میزائل اسٹرائیک نے ایل او سی پر دو دھنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ تباہ کردی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے بھارت نے پاکستان پر پانچ جگہوں پر میزائل داغے ہیں، پاکستان کی طرف سے جوابی کاروائی شروع ہو چکی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بہاولپور، کوٹلی، مظفرآباد میں فضا سے میزائل داغے گئے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے شرمناک حملہ کیا ہے، بھارت کے حملے کا جواب دیا جائے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ میزائل حملے کے نقصان کا تخمینہ لگایا جارہا ہے، پاکستان وقت کا تعین کر کے بھرپور جواب دے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ بھارت نے احمد پور شرقیہ بہاولپور میں مسجد سبحان اللّٰہ پر حملہ کیا گیا ہے، بھارتی بزدلانہ حملے میں مسجد میں سویلینز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں کوٹلی، مظفر آباد میں حملہ کیا گیا ہے۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بزدلانہ حملے میں اب تک ایک معصوم بچہ شہید جبکہ ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی ہیں، بھارت نے رات کے اندھرے میں معصوم پاکستانیوں کو بزدلانہ حملے میں ٹارگٹ کیا ہے، پاکستان کی طرف سے جوابی کاروائی شروع ہو چکی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے طیارے ہوا میں ہیں، یہ شرمناک حملہ بھارتی ایئر اسپیس سے کیا گیا، بھارتی ہماری ایئر اسپیس میں داخل نہیں ہوسکے۔سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ 5 مقامات کوٹلی، احمد پور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مریدکے پر حملہ کیا گیا ہے۔
Post your comments