اسلامی تعاون تنظیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے اور اس کے باشندوں کو بے گھر کرنے کے منصوبے کے خلاف عرب لیگ کی جوابی تجویز کو باضابطہ طور پر منظور کرلیا، او آئی سی نے عالمی برادری سے منصوبے کی حمایت کرنے کا مطالبہ بھی کیاہے،عرب لیگ کی طرف سے قاہرہ میں ایک سربراہی اجلاس میں اس منصوبے کی توثیق کے تین دن بعدمسلم ممالک کے57 رکنی اتحاد نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہنگامی اجلاس میں عرب منصوبے کو منظور کرلیا ،مصر کے تیار کردہ متبادل منصوبے میں فلسطینی اتھارٹی کی مستقبل کی انتظامیہ کے تحت غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کی تجویز پیش کی گئی ہے،فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے ہفتے کے روز غزہ کی تعمیر نو کے عرب منصوبے کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، جس پر 53 ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ اس منصوبے کے تحت غزہ کی پٹی کے باشندوں کو بے گھر کرنے سے گریز کیا جائے گا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے او آئی سی وزراء خارجہ کے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو سرخ لکیر کے طور پر گردانا جائے، انہوں نے مسلم امہ پر زور دیا ہے کہ فلسطینی عوام کی غزہ یا مغربی کنارے سے زبردستی نقل مکانی کو نسلی تعصب کی بنیاد پر بے دخلی اور بین الاقوامی قوانین کے تحت جنگی جرم قرار دیا جائے، او آئی سی کو کسی بھی ایسی تجویز کو واضح طور پر مسترد کرنا چاہیے جو فلسطینیوں کو ان کے اپنے وطن سے نکالنے کی کوشش ہو، کسی بیرونی طاقت کو فلسطینیوں پر اپنا مستقبل تھوپنے کا کوئی حق نہیں ہے، انہیں خود ارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا خود تعین کرنا چاہیے، او آئی سی کو کسی بھی مذموم ایجنڈے کے خلاف متحد ہونا چاہیے جس کا مقصد مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی آبادی کو تبدیل کرنا ہے۔نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے مصر کی طرف سے غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ غزہ میں جنگ کا مستقل خاتمہ، اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا، غیر محدود انسانی امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے، انہوں نے مصر، قطر اور امریکاکی طرف سے جنگ بندی کیلئے سہولت فراہم کرنے پر بھی خیرمقدم کیا جس سے امید کی کرن روشن ہوئی جبکہ غزہ اور فلسطین سے متعلق سعودی کردار کی بھی تعریف کی ۔ قبل ازیں او آئی سی وزراء خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ ” غزہ کی تعمیر نوکا منصوبہ ایک حقیقت پسندانہ راستہ متعین کرتا ہے اور اگر اس پر عمل درآمد ہوتا ہے تو غزہ میں رہنے والے فلسطینیوں کے تباہ کن حالاتِ زندگی میں تیزی سے اور پائیدار بہتری ہوگی”۔سعودی عرب نے بھی جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی وزارتی اجلاس میں فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے کے مطالبات اور خیالات کو مسترد کرنے کی تجدید کردی۔ وزارتی اجلاس میں فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے غزہ میں پائیدار امن کی ضرورت پر زور دیا۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی اتحاد کے ذریعے ممالک کے ساتھ اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا خطے میں مستقل اور جامع امن صرف ایک ایسی فلسطینی ریاست کے قیام کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی القدس ہو اور جس کی سرحدیں چار جون 1967 والی ہوں۔مصری وزیر خارجہ بدرعبدا لعاطی نے او آئی سی کی توثیق کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اب وہ امریکا سمیت وسیع تر بین الاقوامی برادری کی حمایت حاصل کرنے کی امید رکھتے ہیں۔مصری وزیر خارجہ نے امریکی عہدیدار کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوے اس منصوبے کو مکمل عرب اتفاق رائے کو اجاگر کیا۔انہوں نے توجہ دلائی کہ مصر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی انتظامیہ کے ساتھ اس منصوبے اور اس کے فوائد کا جامع انداز میں جائزہ لینے کے لیے مثبت اور تعمیری بات چیت جاری رکھنے کا منتظر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ قدم یورپی یونین اور جاپان، روس، چین اور دیگر فریقوں کی طرف سے اسے اپنائے جانے کے بعد غزہ کے لیے ایک بین الاقوامی منصوبہ بننا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہی چاہتے تھےاور ہم امریکا سمیت تمام فریقوں سے رابطے ميں ہیں۔ تاہم غزہ کی تعمیر نو کے لیے مصری تجویز، جس میں غزہ کو کنٹرول کرنے والی مزاحمتی تنظیم حماس کا ذکر نہیں، امریکا اور اسرائیل دونوں پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔دریں اثناءترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے او آئی سی اجلاس میں پاکستان کی جانب سے فوری سفارشات بھی پیش کیں جن میں جنگ بندی معاہدے پر تین مراحل میں مکمل اور فوری عمل درآمد شامل ہے ، جنگ کا مستقل خاتمہ، غزہ سے اسرائیلی افواج کا مکمل انخلا، غیر محدود انسانی امداد تک رسائی اور تعمیر نو کا ایک جامع منصوبہ بھی پاکستان کی تجاویز کا حصہ ہے۔
Home / Breaking News, News, World / او آئی سی نے غزہ کیلئے ٹرمپ متبادل عرب منصوبہ منظور کرلیا، فلسطینیوں کی جبری بیدخلی کو سرخ لکیر گردانا جائے، پاکستان
او آئی سی نے غزہ کیلئے ٹرمپ متبادل عرب منصوبہ منظور کرلیا، فلسطینیوں کی جبری بیدخلی کو سرخ لکیر گردانا جائے، پاکستان



Weekly E Paper
Weekly Nawai Pakistan E Paper 06-03-2025
Posted in: E Paper 2025, News, Weekly Nawai Pakistan E PaperAll Weekly Nawai Pakistan E Paper 06-03-2025
Read More
Article
اللہ بہ نفس قران
Posted in: News, Article-
شہباز کی پرواز ، بہترین کارکردگی کا ایک سال
Posted in: News, Article -
-
-
sports
جلیبیاں بیچنے والے فٹبالر محمد ریاض کو وزیرِاعظم نے بلا لیا
Posted in: News, Sportsمعاشی تنگی کے سبب سڑک کنارے جلیبیاں بیچنے والے پاکستان کے نوجوان فٹبالر محمد ریاض کو وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلا لیا۔ ہنگو میں قومی فٹبالر محمد ریاض کی جلیبیاں بیچنے کی خبر ’جیو نیوز‘ پر چلائی گئی تھی جس کے بعد اب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے فٹبالر کو وزیرِ اعظم ہاؤس بلا […]
Read More
Post your comments