یوم القدس اور متوقع جمعۃ الوداع ، کراچی میں آج عام تعطیل

سندھ حکومت نے یوم القدس اور متوقع جمعۃ الوداع کے موقع پر آج صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

جمعہ 13 مارچ کو صوبے میں تمام سرکاری دفاتر اور تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

ادھر اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے آج تعلیمی اداروں میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری شدہ نوٹیفیکیشن کے مطابق اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔

یوم القدس کے موقع پر کراچی کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا، کراچی میں آج دوپہر 12 بجے سے مختلف سڑکیں بند کر دی جائیں گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق بوٹ بیسن سے جناح برج اور مائی کلاچی آنے جانے والی دونوں سڑکیں بند رہیں گی۔

ٹریفک پولیس  نے بتایا ہے کہ پی آئی ڈی سی سے جناح برج اور ایم ٹی خان روڈ جانے والے دونوں ٹریک بھی بند رہیں گے، بوٹ بیسن سے مائی کلاچی آنے والے ٹریفک کو یوٹرن دے کر واپس بھیجا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق پی آئی ڈی سی سے جناح برج آنے والے ٹریفک کو کھجور چوک کی طرف موڑا جائے گا، جناح برج سے آنے والے ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ بھیجا جائے گا۔

ٹریفک پولیس نے عوام کو نماز جمعہ کے بعد ایم اے جناح روڈ کے بجائے متبادل روٹ کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹریفک پولیس نے بتایا کہ تین ہٹی سے ٹاور جانے والے شہری گرومندر سے سولجر بازار جاسکتے ہیں، تین ہٹی سے ٹاور جانے والے شہری کوریڈورتھری کا راستہ بھی اختیار کر سکتے ہیں۔

ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ عید گاہ چوک سے نمائش جانے والے شہری تبت چوک سے ایمپریس مارکیٹ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں جبکہ داؤد پوتا روڈ اور لکی اسٹار سے نمائش آنے والے ٹریفک کو پی پی چورنگی اور ریگل چوک بھیجا جائے گا۔

سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کئی مقامات کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے۔

اسلام آباد کے ریڈ زون اور اس کے اطرف کو بھی سیل کیا گیا ہے جبکہ پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

آبپارہ، سیونتھ ایونیو، ڈی چوک، ایکسپریس چوک کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے ہیں۔

یوم القدس ریلیز کے سبب اسلام آباد میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔

مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری کے اطراف سیکیورٹی سخت  کر کے کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت کے لیے پولیس کی جانب سے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ریڈ زون جانے کے لیے صرف مارگلہ روڈ کھلا ہو گا باقی تمام داخلی رستے بند ہوں گے۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ چاند تارہ فلائی اوور سری نگر ہائی وے سے سرینا چوک تک بند ہو گا، آبپارہ سہروردی روڈ آنے اور جانے کے لیے مکمل بند ہو گا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ راول ڈیم چوک سے کشمیر چوک تک کلب روڈ کی سنگل سائیڈ بند رہے گی جبکہ پارک روڈ کی شہزاد ٹاون سے مشرف چوک تک سنگل سائیڈ بند رہے گی۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ متبادل راستوں پر سفر کریں۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *