آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب کا لاہور کے شاہی قلعہ میں انعقاد ہوا، جس میں آئی سی سی اور پی سی بی کے ہائی آفیشلز کے علاوہ 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے اراکین بھی شریک ہوئے، تقریب میں معروف گلوکار عاطف اسلم نے ایونٹ کا آفیشل ترانہ گایا ، آخر میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایکزیکٹیو جیف آلڈر ڈائس، پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام ، حکومتی اور سیاسی شخصیات سمیت سابق کرکٹرز بھی تقریب میں شریک تھے۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد ، محمدحفیط، جنید خان، محمد عامر، اظہر علی، حارث سہیل بھی موجود تھے۔تقریب میں چیمپئنز ٹرافی کے برانڈ ایمبسیڈر نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی، سابق جنوبی افریقی بیٹر ڈومینی بھی شریک تھے ۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، وزیر کھیل فیصل کھوکھر اور لاہور قلندرز کے عاطف رانا بھی تقریب میں شریک تھے ۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ تین دہائیوں سے آئی سی سی ایونٹ کا انتظار تھا، ایونٹ کے لیے بہت محنت کی ہے اب وقت ہے اسٹیڈیمز کو بھرا جائے، 4 ٹیمیں پاکستان آچکی ہیں، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں 48 گھنٹوں میں پہنچ جائیں گی۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی 2017 کی ونرز پاکستان ٹیم کو خاص طور پر خوش آمدید کہتا ہوں۔آئی سی سی چیف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ فینز کو چیمپینز ٹرافی میں سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وہ بھارت کے خلاف چیمپینز ٹرافی کا فائنل کبھی نہیں بھول سکتے۔کراچی میں ایونٹ کی افتتاحی تقریب 19 فروری کو ہوگی۔ تقریب کے لیے ریہرسل جاری ہے، پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا۔آئی سی سی چیمپینز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک پاکستان کی میزبانی میں کھیلی جائے گی۔
Post your comments