بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے لیے سپر ہٹ گانے اپنی آواز میں ریکارڈ کروانے والے معروف گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ نے اداکار کے ساتھ جھگڑے کی اصل وجہ بتادی۔
ابھیجیت بھٹاچاریہ اور شاہ رخ خان کے درمیان 90ء کی دہائی کے آخر میں تعلقات خراب ہوگئے تھے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گلوکار سے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران یہ سوال پوچھا گیا کہ انہوں نے شاہ رخ خان کے لیے گانا کیوں چھوڑا؟ابھیجیت بھٹاچاریہ نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب عزت نفس مجروح ہوتی ہے تو انسان یہ کہنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ بس اب بہت ہوگیا۔اُنہوں نے کہا کہ میں شاہ رخ خان کے لیے گانا نہیں گاتا تھا بلکہ میں اپنا کام کرتا تھا۔گلوکار نے کہا کہ میں نے جب یہ دیکھا کہ میرے علاوہ ہر کسی کو اس کے کام کا کریڈٹ دیا جارہا ہے یہاں تک کہ فلم کے سیٹ پر چائے دینے والے کے کام کو بھی سراہا جا رہا ہے تو پھر میں نے یہ سوچا کہ جب میری قدر نہیں ہے تو میں شاہ رخ خان کی آواز کیوں بنوں؟ابھیجیت بھٹاچاریہ سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا شاہ رخ نے آپ سے دوبارہ رابطہ نہیں کیا؟ اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ میرا شاہ رخ خان سے رشتہ ٹوٹ گیا ہے لیکن وہ اب اتنے بڑے اسٹار ہیں کہ اب وہ صرف ایک انسان نہیں رہے اور انہیں شاید خود بھی یہ معلوم نہیں کہ وہ کس مقام پر پہنچ گئے ہیں ایسے میں ان سے کوئی امید کیوں رکھوں؟گلوکار نے مزید کہا کہ میں آج بھی وہی شخص ہوں جو پہلے تھا اور زندگی میں اپنے طریقے سے آگے بڑھ رہا ہوں۔اُنہوں نے کہا کہ میں عمر میں شاہ رخ خان سے 5 یا 6 سال بڑا ہوں، کسی کو معافی مانگنے کی ضرورت نہیں ہم دونوں میں انا ہے، ہماری سالگرہ میں بھی صرف 1 دن کا فرق ہے، ہم دونوں کا برج عقرب ہے، مجھے شاہ رخ خان کے سہارے کی ضرورت نہیں ہے۔
Post your comments