بھارتی سپر اسٹار اداکار الو ارجن کی فلم پشپا 2 کی شاندار کامیابی کے بعد اب اس کے فلم سازوں نے آسکر ایوارڈ 2025ء پر نظریں جمالیں۔
بھارتی میڈیا میں ذرائع سے یہ خبر زیر گردش ہے کہ دنیا بھر میں ایک ہزار کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے والی فلم ’پشپا2: دا رائز‘ کے میکرز اداکار اور فلم کو آسکر ایوارڈ دلوانے کے خواہشمند ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پشپا 2 کی ٹیم نے آسکر ایوارڈ 2025ء کے حوالے زبردست مہم اور لابنگ کی حکمت عملی پر کام شروع کردیا ہے۔فلم سازوں کے مطابق بھارت سمیت دنیا بھر میں پہلے ہی دن شاندار کمائی کرنے والی فلم کی شہرت اب 97ویں آسکر ایوارڈ تک پہنچانی ہے۔ اس کےلیے امریکا میں تشہر کی 2022 کی فلم آر آر آر کی طرز پر آزمودہ حکمت عملی اپنائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق فلم کی لابنگ کےلیے امریکا کے 10 شہروں کا انتخاب کیا جائے گا، جس میں لاس اینجلس، نیویارک اور بوسٹن بھی شامل ہیں۔ 2 ہفتے کے دورانیے کی مہم کے دوران فلم کی اسکریننگ کے ساتھ پریس ایونٹس کیے جائیں گے تاکہ پشپا 2 کی شہرت ہالی ووڈ تک پہنچ جائے۔ذرائع کے مطابق فلم سازوں کےلیے آسکر ایوارڈ ہی ہدف نہیں بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ بھارتی سنیما نئے مراکز دریافت کرے، جس کو یقینی بنانے کےلیے پشپا 2 یقینی طور پر کارآمد ثابت ہوگی۔ یوں فلم کے اگلے حصے یعنی پشپا 3 کو دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر دکھایا جاسکے گا۔دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ پشپا 2 کےلیے آسکر ایوارڈ کی مہم کی باتیں قبل از وقت ہیں۔ ایوارڈ مارچ میں منعقد ہوں گے۔ فلم آر آر آر اپنی کہانی کی بدولت دنیا بھر میں دیکھی گئی جبکہ پشپا 2 کی کہانی میں وہ بات نہیں۔
Post your comments