شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف سینئر اداکارہ نشو بیگم نے انکشاف کیا ہے کہ 8 ماہ سے ان کی اپنی بیٹی اداکارہ صاحبہ سے ملاقات نہیں ہوئی۔
نشو بیگم نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں ان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ اگر آپ اپنی زندگی میں پیچھے مڑ کر دیکھیں تو کیا کوئی ایسی بات یاد آتی ہے جس پر آپ کا ضمیر آپ کو ملامت کرتا ہو؟اُنہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کچھ فیصلے ایسے کیے ہیں جن پر پچھتاوا ہوتا ہے جیسے کہ میری پہلی شادی کہ مجھ سے یہ شادی کرنے کا فیصلہ کیوں ہوا؟اداکارہ نے بتایا کہ میری پہلی شادی نے مجھ سے میری گاڑی، زیور اور پیشہ جو کچھ بھی میرے پاس تھا سب کچھ چھین لیا۔اُنہوں نے روتے ہوئے مزید بتایا کہ میں اس وقت حاملہ تھی تو اپنی بچی کو بچانے میں کامیاب رہی لیکن اب کی بار تو زندگی میں ڈاکا ایسا پڑا ہے کہ میرا کلیجہ ہی نکال لیا گیا۔ نشو بیگم نے بتایا کہ مجھے اپنی بیٹی صاحبہ کو دیکھے ہوئے 8 مہینے ہوگئے ہیں اور اس کی وجہ میری بیٹی کا باپ ہے لیکن کوئی بات نہیں میں اس پر بھی راضی ہوں لیکن فیملی سے متعلق کچھ باتیں ایسی ہوتی ہیں جو کہ سب کے سامنے نہیں لانی چاہئیں مگر اب جب ہوگئی ہیں تو میں نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے دکھ کا اظہار کر دیا۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ پہلے صاحبہ کی اپنے حقیقی والد سے زندگی میں پہلی بار ملاقات ہوئی مگر اس ملاقات کے بعد اب ان کے اپنی والدہ کے ساتھ تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔
Post your comments