امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب ہو گئے، وہ امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہوئے ہیں اور دوسری مرتبہ عہدۂ صدارت پر فائز ہو رہے ہیں۔
امریکی صدارتی انتخاب میں 538 میں سے ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 277 اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔کسی بھی امیدوار کو جیت کے لیے کل 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہوتے ہیں۔
امریکی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر حماس کے عہدے دار نے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
حماس کے عہدے دار نے کہا ہے کہ امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی شکست غزہ پر ان کے مجرمانہ مؤقف کی قیمت ہے۔حماس کے عہدے دار نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ جو بائیڈن کی غلطیوں سے سبق سیکھیں۔
امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اب نئی بلندیوں پر پہنچے گا۔
فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے آج تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں سنہری دور کا آغاز ہونے والا ہے، ملک کے تمام معاملات اب ٹھیک کریں گے، ایسی کامیابی امریکی عوام نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایسی سیاسی جیت اس سے پہلے کبھی بھی نہیں دیکھی گئی، امریکا کو محفوظ، مضبوط اور خوش حال بناؤں گا۔انہوں نے کہا کہ امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے، باقی کی سوئنگ اسٹیٹس میں جیت کر 315 الیکٹورل ووٹ حاصل کریں گے، حامیوں کا شکریہ، آپ کے ووٹ کے بغیر کامیابی ممکن نہیں تھی۔خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کریں گے، ایک بار پھر اعتماد کرنے پر امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جن لوگوں نے میرا ساتھ دیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ان کا کہنا ہے کہ ہم نے سینیٹ میں بھی کامیابی حاصل کر لی ہے، سینیٹ میں ہماری جیت غیر معمولی ہے، مجھے 315 الیکٹورل ووٹ جیتنے کی اُمید تھی، امریکا کے تمام معاملات اب ٹھیک ہونے والے ہیں، عوام نے میرا بھرپور ساتھ دیا، امریکا کو مضبوط بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ سرحدوں کو سیل کرنا پڑے گا، امریکا میں جو بھی آئے گا وہ قانونی طور پر آئے گا، میں کوئی نئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جاری جنگوں کو ختم کروں گا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو وعدے کیے ہیں انہیں پورا کروں گا، ہم ٹیکسوں میں کمی کریں گے، قرضے ادا کریں گے، میں آپ کے لیے، آپ کے خاندان اور آپ کے مستقبل کے لیے ہر ایک دن لڑوں گا۔
امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد عالمی منڈی میں سونے اور خام تیل کی قیمت کم ہوئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سونے کا بھاؤ 18 ڈالرز کم ہو کر 2731 ڈالرز فی اونس ہو گیا ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل کی فی بیرل قیمت 1.17 ڈالرز کم ہوکر 70.82 ڈالرز ہوگئی ہے۔میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ڈاؤ جونز 1114 پوائنٹس کے اضافے سے 46495 ہے۔
کملا ہیرس سے متعلق ’دی سمپسنز‘ کی 24 برس قبل کی گئی پیش گوئی غلط ثابت ہو گئی۔
امریکی صدارتی انتخابات 2024ء کے دوران انتخابی نتائج سے متعلق مختلف پیش گوئیوں سمیت اینی میٹڈ سیریز ’دی سمپسنز‘ کی 20 برس قبل کی گئی پیش گوئی سوشل میڈیا صارفین کی خاص توجہ کا مرکز رہی۔سوشل میڈیا پر ’دی سمپسنز‘ کی 24 برس قبل کی گئی پیش گوئی ایک بار پھر گردش ہونے لگی۔
خیال رہے کہ مارچ 2000ء میں ’دی سمپسنز‘ کی 11 ویں سیریز کی 17 ویں قسط بارٹ ٹو دی فیوچر میں لیزا نامی کارٹون کردار کو امریکی صدر کے طور پر دکھایا گیا تھا۔اس قسط میں دی سمپسنز کے کردار لیزا نے کملا ہیرس کی طرح پینٹ سوٹ اور موتیوں کی مالا زیب تن کی ہوئی تھی اور پریس کانفرنس میں اس نے خود کو پہلی امریکی خاتون صدر کے طور پر متعارف کروایا تھا۔اس کے پیشِ نظر صارفین یہ توقع کر رہے تھے کہ ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس امریکا کی 47 ویں صدر منتخب ہوں گی، تاہم اب یہ پیش گوئی غلط ثابت ہو گئی ہے۔
Post your comments