ڈونلڈ ٹرمپ کی گرین لینڈ کے حمایتی ممالک پر ٹیرف لگانے کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ گرین لینڈ امریکا کی قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ اگر دیگر ممالک نے گرین لینڈ پر امریکی کنٹرول کی حمایت نہ کی تو وہ ان پر تجارتی ٹیرف عائد کر سکتے ہیں۔

گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ گرین لینڈ کی اسٹریٹیجک جغرافیائی حیثیت اور معدنی وسائل امریکا کے لیے ضروری ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر امریکا نے گرین لینڈ پر قبضہ نہ کیا تو قومی سلامتی میں بڑا خلا پیدا ہو جائے گا، اس معاملے پر اِن کی نیٹو سے بات چیت جاری ہے۔

ٹرمپ کی معدنیات پر نظر: امریکی صدر کے ارادوں سے گرین لینڈ کے لوگ خوفزدہ

اس معاملے پر امریکی سینیٹر کرس کونز کا کہنا ہے کہ واشنگٹن میں دیے گئے زیادہ تر بیانات محض بیان بازی ہیں اور حقیقت میں گرین لینڈ ایک اتحادی ہے، کوئی جائیداد نہیں۔

ادھر ڈنمارک اور گرین لینڈ کے حکام نے امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرین لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ صرف ڈنمارک اور گرین لینڈ کے عوام کر سکتے ہیں۔

ڈنمارک نے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر گرین لینڈ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھانے کا بھی اعلان کیا ہے۔

گرین لینڈ میں ڈنمارک کی جوائنٹ آرکٹک کمانڈ کے سربراہ میجر جنرل سورن اینڈرسن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی توجہ امریکا نہیں بلکہ ممکنہ روسی سرگرمیوں پر ہے، نیٹو اتحادیوں کے درمیان کسی فوجی تصادم کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

ڈنمارک اور گرین لینڈ کے امریکی حکومت سے مذاکرات ناکام: ٹرمپ انتظامیہ کی قبضے کی خواہش برقرار

دوسری جانب ٹرمپ کے خصوصی ایلچی برائے گرین لینڈ جیف لینڈری نے اعلان کیا ہے کہ وہ مارچ میں گرین لینڈ کا دورہ کریں گے اور انہیں امید ہے کہ اس معاملے پر کوئی معاہدہ طے پا سکتا ہے تاہم ڈنمارک نے واضح مؤقف میں کہا ہے کہ گرین لینڈ پر امریکی کنٹرول ان کے لیے ’ریڈ لائن‘ ہے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *