ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے متحدہ عرب امارات کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’قصابِ غزہ‘ کی میزبانی کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔
محسن رضائی نے عربی زبان میں جاری بیان میں کہا ہے کہ جس طرح امریکی فوجی اڈوں کی میزبانی سے امارات کو سیکیورٹی نہیں مل سکی، اسی طرح ’قصابِ غزہ‘ کی میزبانی بھی اچھے نتائج نہیں لائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ سے سبق سیکھا جائے، جنگوں کو ہوا دینا بند کیا جائے اور ایرانی جزائر کے بارے میں بے بنیاد دعوے بھی ختم کیے جائیں۔
محسن رضائی کا بیان اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے حالیہ دورۂ ابوظبی کے بعد سامنے آیا ہے۔
نیتن یاہو نے اتوار کو ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی تھی۔
دوسری جانب اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اماراتی وزیرِ مملکت خلیفہ شاہین المرر نے ایران پر خلیج فارس کے 3 جزائر ابو موسیٰ، تنب بزرگ اور تنب کوچک پر قبضے کا الزام عائد کیا تھا۔



