اوٹاوا: 24 ستمبر 2026
کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے گزشتہ روز اوٹاوا میں مقیم انجینئرنگ کے پیشہ ور افراد اور پاکستان کی یونیورسٹیوں برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) کے سابق طلباء کے ساتھ ایک نشست میں شرکت کی۔ شرکاء میں یو ای ٹی لاہور، پشاور اور ٹیکسلا کے سابق طلباء شامل تھے۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن پارلیمنٹ اسلم رانا تھے، جو خود بھی یو ای ٹی لاہور کے سابق طالب علم رہےہیں۔
ہائی کمشنر محمد سلیم نےکینیڈا میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پاکستانی نژاد پیشہ ور افراد کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ محمد سلیم نےانجینئرنگ اور دیگر ہائی ٹیک (جدید ٹیکنالوجی) کے شعبوں میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔








