وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے یوٹیوبر رجب بٹ کے معاملے سے لاعملی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں رنگ برنگے یوٹیوبرز کو نہیں جانتی۔
مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم وہ (رجب بٹ) ملک میں ہیں یا ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں، حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر درج ہو گئی ہے، اس لیے قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔وزیرِ اطلاعات پنجاب نے متنازع مواد کی تخلیق کے بڑھتے ہوئے رجحان کے بارے میں بات کرتے ہوئے سوشل میڈیا انفلوئنسرز پر تنقید کی اور کہا کہ میں ان یوٹیوبرز کو فالو نہیں کرتی لیکن عام طور پر میں نے ہمیشہ ایسے مواد کے خلاف بات کی ہے جو ہمارے معاشرے یا ہماری اخلاقی اقدار کی نمائندگی نہیں کرتا۔واضح رہے کہ معروف ڈیلی وی لاگر، یوٹیوبر و کانٹینٹ کری ایٹر رجب بٹ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کیا گیا ہے۔رجب بٹ کے خلاف مقدمے میں جذبات کو مجروح کرنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رجب بٹ کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر میں ان کی جانب سے نیا پر فیوم متعارف کرانے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
Post your comments