ٹورنٹو : مذہبی ہم آہنگی کا اظہار: ممتاز مسلم اسکالر علامہ شاکرکا یونائیٹڈ چرچ کے راہنما سے ملاقات

ٹورنٹو – بین المذاہب یکجہتی اور باہمی احترام کے جذبے کے تحت، ممتاز سینئر مسلم اسکالر علامہ عنایت علی شاکر نے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے یونائیٹڈ چرچ آف کینیڈا کے تھرن کلف، ٹورنٹو کے منسٹر پروفیسر ڈاکٹر پال شیفرڈ سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات یونائیٹڈ چرچ کے مقامی مرکز میں ہوئی، جس میں یکجہتی، ہمدردی اور دوستی جیسے موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔ یہ اقدام خاص طور پر اس موقع پر بڑا معنی خیز ہے کیونکہ ہالڈے سیزن اور نئے سال کی آمد آمد ہے۔
علامہ شاکر نے مسلم کمیونٹی کی طرف سے گرمجوشی کے ساتھ امن و سلامتی کا اظہار کرتے ہوئے آج کے متنوع معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی، آشتی اور کثیرالثقافتی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔ خوشی کے اظہار کے طور پر، انہوں نے ایک کیک پیش کیا، جسے تمام شرکاء نے مل کر کاٹا۔ سب شرکا نے اس لمحہ کو اخوت اور یکجہتی کی ایک علامت قرار دیا۔
ڈاکٹر پال شیفرڈ اور چرچ کمیونٹی کے دیگر اراکین نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور علامہ شاکر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مختلف کمیونٹیز کے درمیان مسلسل مکالمے اور تعاون کی اہمیت کو دہرایا۔
علامہ عنایت علی شاکر نے کہا، “آج حالات کا تقاضا ہے کہ ہم باہمی ہمدردی اور یکجہتی کے ساتھ مل بیٹھیں، ایک دوسرے کا ساتھ دیں اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔ ہمارے مذاہب ہمیں آپس میں مرتبط کرنے، امن کو فروغ دینے اور مشترکہ انسانی اقدار کی تعلیم دیتے ہیں۔”
‎اس تقریب میں چرچ کمیونٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے، جنہوں نے امن، ہم آہنگی اور بین المذاہب تفہیم کو فروغ دینے کے لیے بات چیت میں حصہ لیا۔
یہ ملاقات مختلف کمیونٹیز کی کثیرالثقافتی ہم آہنگی کو پروان چڑھانے اور گریٹر ٹورنٹو ایریا اور کینیڈا میں باہمی احترام اور تعاون کے رشتوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔
ملاقات میں بین الاقوامی تعلقات کے محقق اور استاد ڈاکٹر سید سبطین شاہ، کینیڈین مسلم کمیونٹی کے سید شبر حسین شیرازی اور ربیت علی بھی موجود تھے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *