وزیراعظم کا ملائیشیا و انڈونیشیا کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

اسلام آباد سے سرکاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ملائشین ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ایران کے خلاف اسرائیل کے حملوں اور خلیجی ممالک کے خلاف حملوں کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر اظہار تشویش کیا۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور تمام ریاستوں کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور اپنےاختلافات سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کو کہا۔

اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ امن کی بحالی اور معاملات کو معمول پر لانا انتہائی ضروری ہے، دونوں وزرائے اعظم  نے مل کر کام کرنے اور اپنے مؤقف کو مستقل بنیادوں پر مربوط کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائشین ہم منصب کو افغانستان کے تناظر میں حالیہ پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے تمام امور پر قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

 دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے ایران پر اسرائیل کے حملوں کی شدید مذمت کی اور خلیجی ممالک پر بعد میں ہونے والے افسوسناک حملوں کی بھی مذمت کی۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان کیساتھ دولتِ مشترکہ کی قریبی شراکت کو سراہا۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث دولتِ مشترکہ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت ممکن نہیں ہوگی۔

دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور خطے کی صورتحال پر فوری کشیدگی میں کمی اور تحمل کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم اور برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے سفارتی کوششیں اور مذاکرات ناگزیر ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستانیوں کےانخلا اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ایران سے پاکستانیوں کے انخلا کیلئے برادر ملک آذربائیجان کی مدد کے مشکور ہیں۔

اجلاس کے شرکاء کو ایران سے پاکستانیوں کے انخلا کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ آذربائیجان میں پاکستانی سفارتخانہ پوری طرح متحرک ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر دفتر خارجہ ساری صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، اجلاس میں خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے پاکستانی سفارتخانوں کےاقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر اعظم نے ہدایات دیں کہ خلیجی ممالک میں پاکستانی سفارتخانے شہریوں کی سہولت کیلئے ہمہ وقت دستیاب رہیں۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *