وزیراعظم اور ترک صدر کا امن کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر اردوان نے مسلسل رابطے میں رہنے اور خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔

اسلام آباد سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے بحران پر تشویش کا اظہار کیا اور ایران پر اسرائیلی حملے اور خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کی اور صدر اردوان کو خلیجی ممالک کی قیادت سے حالیہ روابط سے آگاہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے ترک صدر کو پاکستان کی خلیجی ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اعادہ سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے بحران کے حل کے لیے تعمیری کردار کی تیاری سے متعلق بھی آگاہ کیا، دونوں رہنماؤں نے  تمام فریقوں کو زیادہ تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم نے صدر اردوان کو افغانستان کے تناظر میں حالیہ پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی اور مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا، دونوں رہ نماوں نے خطے میں امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی صورتحال پر پارلیمانی لیڈرز کا اجلاس کل طلب کرلیا۔

وزیر اعظم کے سیاسی مشیر سینیٹر رانا ثنااللّٰہ کا کہنا ہے کہ پارلیمانی لیڈرز کے ان کیمرا اجلاس میں محمود خان اچکزئی کے ساتھ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو بھی دعوت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کل دن ساڑھے 11 بجے تمام پارٹی سربراہان اور پارلیمانی لیڈرز کو مدعو کیا ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال اور ایران پر جو حملہ ہوا ہے، اس پر بریفنگ کیلئے سب کو دعوت دی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اپوزیشن لیڈران اور پارٹی سربراہان کو دعوت دینے آئے ہیں، اپوزیشن لیڈران کو کہا ہے کہ ذاتی اور جماعتی سیاست سے بالاتر ہوکر مشورے کی ضرورت ہے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *