وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت اور عوامی حقوق، وفاقِ پاکستان کے استحکام کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔
بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سیاسی عمل میں رواداری کو فروغ دیا جو لائق تحسین ہے، ان کی سیاسی میراث میں جذبہ حب الوطنی نمایاں ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کے لیے محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کی سیاسی میراث میں جذبہ حب الوطنی نمایاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے کردار اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قابل قدر اقدامات کیے، بینظیر بھٹو نے پاکستان کو ایک پُرامن، ترقی پسند اور جمہوری ریاست بنانے کے لیے قابلِ قدر اقدامات کیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیاں اور خدمات قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں، اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ رواداری، برداشت، قانون کی حکمرانی اور عوامی فلاح کے سفر کو آگے بڑھایا جائے گا۔شہباز شریف نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اللّٰہ تعالیٰ ان کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں کو صبرِ جمیل دے،آمین۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دخترِ مشرق کی زندگی جرأت اور ہمدردی کا نادر امتزاج تھی اور ان کی عظیم قربانی خون سے لکھا عہد ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کبھی سرنڈر نہیں کرے گی۔
بے نظیر بھٹو کی اٹھارہویں برسی پر جاری پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو محض ایک رہنما نہیں تھیں بلکہ وہ جمہوریت کی نڈر آواز، مظلوموں کی امید اور آمریت، انتہاپسندی و عدم برداشت کے خلاف مزاحمت کی ناقابلِ تسخیر علامت تھیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی حیثیت سے شدید مشکلات کے باوجود بینظیر بھٹو نے عوام دوست پالیسیوں کو فروغ دیا، پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا، قومی خودمختاری کا تحفظ کیا اور عالمی سطح پر ملک کی ترقی پسند اور باوقار شناخت بحال کی۔
محترمہ بینظیر بھٹو کو یاد کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اپنے والد اور بھائیوں کی شہادت اور برسوں کی اذیتوں کے باوجود شہید محترمہ بینظیر بھٹو جمہوریت کی جدوجہد میں آخری دم تک بلا خوف و خطر کھڑی رہیں، یہاں تک کہ جامِ شہادت نوش کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران بے نظیر بھٹو نے مسجد نبویﷺ میں کھڑے ہوکر مجھے اپنا بھائی بنایا تھا اور وہ آج بھی بہن کی حیثیت بےنظیر بھٹو کا احترام کرتے ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بے نظیر بھٹو شہید کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ دبئی میں ایک پاکستانی بزنس مین نے مجھے بےنظیر بھٹو سے ملوایا تھا۔
اس ملاقات کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بےنظیر بھٹو سے وعدہ کیا تھا کہ 15 روز میں پاسپورٹ دلواؤں گا اور 13 روز میں وعدہ نبھایا تھا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وطن واپسی پر سب سے پہلے بےنظیر بھٹو نے مجھےہی فون کال کی تھی۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ اجمیر شریف اور لندن کے دورے میں بھی بی بی نے ساتھ رکھا تھا اور میری سالگرہ پر شہید بی بی نے قیمتی کفلنگ کا تحفہ دیا تھا۔













Post your comments