پاکستانی حسینہ مصباح ارشد نے مس یونیورس 2026ء کے مقابلے میں قومی جانور مارخور سے متاثر شدہ منفرد لباس پہن کر عالمی سطح پر پاکستان کی ثقافت، قدرتی حسن اور قومی شناخت کو اجاگر کر دیا۔
21 نومبر کو امریکی زیرِ انتظام علاقے پورٹو ریکو کے شہر سان خوان میں منعقد ہونے والے 75 ویں مس یونیورس مقابلے میں مصباح ارشد نے خصوصی طور پر تیار کردہ لباس پیش کیا، جسے پاکستان کے قومی جانور مارخور سے متاثر ہو کر ڈیزائن کیا گیا تھا۔
مارخور اپنے منفرد بل کھاتے ہوئے سینگوں اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں رہائش کے باعث دنیا بھر میں پہچان رکھتا ہے۔
اس جانور کو پاکستان کے شمالی اور پہاڑی علاقوں کی قدرتی حیات کا اہم حصّہ ہونے کے ساتھ قومی فخر کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔
مس یونیورس مقابلے میں مصباح ارشد کے اس لباس کا مقصد محض فیشن کا مظاہرہ نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے جنگلی حیات کے ورثے اور قومی تشخص کو متعارف کروانا بھی تھا۔
پاکستانی ماڈل کے اس منفرد لباس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی ہیں اور صارفین نے لباس کے ڈیزائن کو خوبصورت اور متاثر کن قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ 75 ویں مس یونیورس مقابلے میں 100 سے زائد ممالک اور خطوں کی نمائندہ حسینائیں شریک ہیں، جس کا گرینڈ فائنل 24 نومبر کو پورٹو ریکو میں منعقد ہو گا۔




