گھر میں ایسے غیر معمولی و خوفناک واقعات پیش آئے کہ اکیلے سونا مشکل ہو گیا تھا: ببرک شاہ

پاکستانی اداکار ببرک شاہ نے اپنے سابقہ گھر میں پیش آنے والے پُراسرار اور خوفناک واقعات سے متعلق حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

تابش ہاشمی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے اداکار نے بتایا ہے کہ گھر میں ایسے غیر معمولی واقعات پیش آتے تھے جنہوں نے مجھے خوفزدہ کر دیا تھا اور میرے لیے اکیلے سونا بھی مشکل ہو گیا تھا۔

ببرک شاہ کے مطابق میں جب بھی اپنا موبائل فون چارجنگ پر لگاتا تو کچھ دیر بعد وہ اپنی جگہ سے ہٹا ہوا کسی دوسری جگہ رکھا ملتا تھا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ایک مرتبہ میں بیٹھ کر کام کر رہا تھا کہ واش روم میں فلش چلنے کی آواز سنائی دی، حالانکہ اس وقت وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔

اداکار نے رات کے وقت پیش آنے والے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سونے کی کوشش کے دوران کبھی محسوس ہوتا کہ کوئی میری ٹانگیں کھینچ رہا ہے یا ہلا رہا ہے، جبکہ بعض اوقات ایسا لگتا جیسے کوئی میرے بالوں میں انگلیاں پھیر رہا ہو۔ببرک شاہ نے سب سے خوفناک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ مجھے محسوس ہوا جیسے میرا جسم بستر سے چند انچ اوپر اٹھ گیا ہو، تاہم آنکھیں کھولنے اور ہوش میں آنے پر جسم آہستہ آہستہ واپس بستر پر آ گیا، اس تجربے سے مجھے محسوس ہوا کہ گھر میں موجود غیر مرئی مخلوق کا قد چھوٹا تھا۔

اداکار نے مزید بتایا ہے کہ گھر کے دروازے بھی زور زور سے ہلتے تھے، جس سے ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے کوئی میرے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہو، ان مسلسل واقعات کے باعث میں اتنا خوفزدہ ہو گیا کہ اکیلے سونا چھوڑ دیا اور رات اپنی بہنوں کے کمرے میں گزارنے لگا۔

ببرک شاہ کے مطابق میں نے اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے باقاعدگی سے اذان دینا اور نماز ادا کرنا شروع کر دی، تاہم خوفناک واقعات جاری رہنے پر بالآخر ہم نے گھر چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہونے کا فیصلہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں