حرمین شریفین کی سلامتی و حرمت پر کوئی آنچ برداشت نہیں۔ حافظ عبدالحمید عامر

پاکستانی عوام کے دل حرمین شریفین اور سرزمین حجاز کی محبت سے سرشار ہیں
جہلم (نامہ نگار، زاہد خورشید) نے یمن کی موجودہ صورتِ حال، حوثی ملیشیا کی عسکری سرگرمیوں اور ان کے پس منظر میں ایران کے مبینہ کردار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حافظ عبدالحمید عامرمہتمم جامعہ علوم اثریہ، جہلم کہا ہے کہ حرمین شریفین کا تحفظ، سرزمینِ حجاز کی سلامتی اور سعودی عرب کا امن پوری امت مسلمہ کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ عالم اسلام کے مقدس ترین مقامات کی حفاظت اور ان کی حرمت کا احترام ہر مسلمان کے دینی جذبات کا بنیادی تقاضا ہے۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی جارحیت، اشتعال انگیزی یا ایسے اقدامات جو حرمین شریفین اور سعودی عرب کے امن و استحکام کے لیے خطرات پیدا کریں، قابلِ تشویش ہیں۔انہوں نے کہا کہ یمن میں جاری بحران اب محض ایک داخلی سیاسی تنازع کی صورت میں باقی نہیں رہا، بلکہ علاقائی طاقتوں کی مداخلت، عسکری معاونت اور پراکسی سیاست نے اسے ایک وسیع تر علاقائی کشمکش کی شکل دے دی ہے۔ خصوصاً ایران کی جانب سے حوثی ملیشیا کی مبینہ عسکری، تکنیکی اور مالی معاونت کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات اور یمنی حکومت کے حالیہ سرکاری بیانات نے اس معاملے کی سنگینی کو مزید واضح کر دیا ہے، اب یہ سوال شدت سے اٹھ رہا ہے کہ یمن کے عوام کو امن، استحکام اور تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے بجائے انہیں مسلسل جنگ، بدامنی اور تباہی کے ماحول میں کیوں دھکیلا جا رہا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کی سرزمین، شہری تنصیبات اور اہم اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانے کے الزامات نہایت تشویش ناک ہیں۔ اسی طرح بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں تجارتی جہاز رانی کو درپیش خطرات صرف یمن یا سعودی عرب کا مسئلہ نہیں، بلکہ عالمی تجارت، بین الاقوامی معیشت اور خطے کے تمام ممالک کے مفادات سے متعلق ہیں۔کسی بھی سیاسی یا مذہبی نعرے کو شہری آبادیوں، تجارتی جہازوں اور بنیادی تنصیبات کو خطرے میں ڈالنے کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔حافظ عبدالحمید عامر نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ محض دو مقدس شہر نہیں، بلکہ پوری امت مسلمہ کے ایمان، عقیدت اور روحانی وابستگی کا مرکز ہیں۔ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی خدمت، حجاج و معتمرین کی حفاظت اور زائرین کے لیے امن و سہولتوں کی فراہمی ایک عظیم ذمہ داری ہے۔سعودی عرب نے حرمین شریفین کے انتظام، حجاج و معتمرین کی خدمت اور مقدس مقامات کی توسیع و ترقی کے لیے جو انتظامی، تعمیراتی اور مالی خدمات انجام دی ہیں، ان کی اہمیت مسلم ہے۔ اس لیے سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ سے متعلق معاملات کو پوری امت مسلمہ کی سنجیدہ توجہ حاصل ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کا معاملہ کسی جماعت، حکومت یا سیاسی گروہ کے وقتی مفادات سے بالاتر ہے۔ اس مقدس ذمہ داری کے حوالے سے امت مسلمہ کو حکمت، اتحاد، بصیرت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔یمن کے عوام کو ایرانی علاقائی مفادات کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے،انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات دینی، تاریخی، برادرانہ اور باہمی اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ پاکستانی عوام کے دل حرمین شریفین اور سرزمینِ حجاز کی محبت سے سرشار ہیں۔ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کو چاہیے کہ وہ سعودی عرب کی سلامتی، حرمین شریفین کے احترام اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا سفارتی، اخلاقی اور اصولی کردار ادا کریں۔اس ضمن میں اسلامی تعاون تنظیم، عرب لیگ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ یمن کے بحران کے پُرامن حل، ریاستی خودمختاری کے احترام، شہری آبادی کے تحفظ اور بیرونی مداخلت کے خاتمے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔امت مسلمہ کا اتحاد، امن اور حرمین شریفین کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں