class="post-template-default single single-post postid-2636 single-format-standard kp-single-standard elementor-default elementor-kit-7">

سینیٹ الیکشن: اسلام آباد کی نشستوں پر اسحاق ڈار اور رانا محمود الحسن کامیاب

سینیٹ کی 30 نشستوں پر انتخاب کےلیے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا جبکہ ووٹوں کی گنتی کا عمل بھی شروع ہوگیا۔ اسلام آباد کی دونوں نشستوں پر حکومتی اتحاد کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔ قومی اسمبلی سے حکومتی اتحاد کے امیدوار اسحاق ڈار ٹیکنوکریٹ نشست پر کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے 224 ووٹ لیے جبکہ انکے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار راجہ انصر محمود کو 81 ووٹ ملے۔قومی اسمبلی سے جنرل نشست پر رانا محمود الحسن سینیٹ کے رکن منتخب ہوگئے۔ آج ہونے والے سینیٹ انتخاب میں 59 امیدوار مدِ مقابل تھے جبکہ 18 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔انتخابی عمل شروع ہونے سے قبل غیر متعلقہ افراد کو قومی اسمبلی میں قائم پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا گیا تھا۔

بلاول بھٹو نے ووٹ کاسٹ کر دیا

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ووٹ کاسٹ کیا۔ شہباز شریف اور نواز شریف نے ووٹ ڈال دیا.قومی اسمبلی میں سینیٹ کے الیکشن کے لیے ووٹنگ جاری ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے ووٹ کاسٹ کر دیا۔قومی اسمبلی میں امیدوار رانا محمود الحسن کے پولنگ ایجنٹ عبدالقادر پٹیل تھے۔اس سے قبل قومی اسمبلی کے ہال کو سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ اسٹیشن میں تبدیل کیا گیا، بیلٹ پیپرز اور انتخابی مواد قومی اسمبلی کے ہال میں پہنچایا گیا۔

ممبرانِ قومی اسمبلی کیلئے ہدایت نامہ جاری

سینیٹ الیکشن کے سلسلے میں ممبرانِ قومی اسمبلی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ہدایت نامہ جاری کیا۔ہدایت نامے میں کہا گیا کہ بال پوائنٹ کے ذریعے بیلٹ پیپرز پر ترجیحات درج کرنا ہوں گی۔جاری ہدایت نامے کے مطابق ترجیحی امیدوار کے نام کے سامنے ایک لکھنا ہو گا، دوسرے امیدوار کے سامنے 2 لکھنا ہوگا۔ہدایت نامے میں کہا گیا تھا کہ ترجیح صرف انگریزی یا اردو میں درج کرنا ہو گی۔جاری ہدایت نامے میں بتایا گیا تھا کہ اردو اور انگریزی کو ملا کر لکھنے سے ووٹ مسترد ہوگا۔ہدایت نامے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہندسہ 1 ایک سے زائد ناموں کے سامنے درج ہونے سے ووٹ مسترد ہوگا۔جاری ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ کسی امیدوار کے نام کے سامنے ہندسہ 1 کے ساتھ کوئی دوسرا ہندسہ درج نہ ہو۔

منتخب سینیٹرز 5 روز میں الیکشن اخراجات کی تفصیل جمع کرائینگے

ممبران سینیٹر منتخب ہونے کے 5 روز کے اندر اپنے الیکشن اخراجات کی تفصیلات جمع کرائیں گے۔ممبران کے اخراجات کی تفصیلات جمع ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نو منتخب سینیٹرز کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے بعد حکومت سینیٹ اجلاس بلانے کی پابند ہے۔سینیٹ رولز کے مطابق سینیٹ کا پہلا اجلاس حلف برداری کے لیے بلایا جائے گا۔سینیٹ کے پہلے اجلاس میں ہی چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب لازم ہے۔آئین کے مطابق چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب سینیٹ کی اندرونی کارروائی ہے۔ہائی کورٹس کے فیصلے کے مطابق پارلیمنٹ کی اندرونی کارروائی عدالت میں چیلنج نہیں ہو سکتی۔

پنجاب: سینیٹ کی 5 نشستوں کیلئے پولنگ، ووٹوں کی گنتی جاری

پنجاب میں سینیٹ کی 5 نشستوں پر انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی میں بھی ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا جس کے بعد اب ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ پہلا ووٹ بلال یامین نے کاسٹ کیاپنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخاب کے لیے پہلا ووٹ ن لیگ کے رکنِ اسمبلی بلال یامین نے کاسٹ کیا۔پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشت پر سینیٹ کی امیدوار بشریٰ انجم بٹ نے بھی ووٹ کاسٹ کر دیا۔صوبائی وزراء صہیب برتھ، سہیل شوکت بٹ، بلال اکبر، شیر علی گورچانی نے بھی ووٹ کاسٹ کر لیا۔ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز دوپہر 2 بجے ووٹ کاسٹ کرنے پنجاب اسمبلی پہنچیں گی۔

کامیابی کیلئے پر امید ہوں: وزیرِ خزانہ

وفاقی وزیرِ خزانہ و سینیٹ کے امیدوار محمد اورنگزیب پنجاب اسمبلی پہنچ گئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ سینیٹ انتخاب میں کامیابی کے لیے پُرامید ہوں۔

حکمراں اتحاد کی جیت کے امکانات

ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ پنجاب سے سینیٹ کے لیے خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر حکمراں اتحاد کی جیت کے امکانات ہیں۔پنجاب میں سینیٹ کی 5 نشستوں کے لیے مسلم لیگ ن اور سنی اتحاد کونسل کے درمیان مقابلہ تھا۔ خواتین کی 2، ٹیکنوکریٹ کی 2 اور اقلیتوں کی 1 نشست پر پنجاب اسمبلی میں پولنگ ہوئی۔ خواتین کی نشست پر مسلم لیگ ن کی انوشہ رحمٰن، بشریٰ انجم بٹ امیدوار تھیں، سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید بھی خواتین کی نشست پر امیدوار تھیں جبکہ پیپلز پارٹی کی فائزہ ملک خواتین کی نشست سے دستبردار ہو گئی تھیں۔ٹیکنوکریٹ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے محمد اورنگزیب اور مصدق ملک امیدوار تھے۔سنی اتحاد کونسل کی جانب سے ڈاکٹر یاسمین راشد ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار تھے۔اقلیتوں کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار خلیل طاہر سندھو، سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق امیدوار تھے۔الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق پنجاب اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا گیا ہے۔پنجاب اسمبلی میں پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔ واضح رہے کہ پنجاب میں سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر امیدوار پہلے ہی بلا مقابلہ کامیاب ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات تاحکمِ ثانی ملتوی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختون خوا میں سینیٹ انتخابات تا حکمِ ثانی ملتوی کر دیے۔الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن اراکین نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس کو منظور کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں۔

About the author /


Related Articles

Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Newsletter