عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے: اسحاق ڈار

 نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات پر اسے جوابدہ ٹھہرائے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہندوتوا پر مبنی نظام کے تحت مقبوضہ کشمیر کے عوام کو شدید امتیازی سلوک کا سامنا ہے، عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دلانے کے لیے فیصلہ کُن اقدامات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر کھڑا رہے گا، ہماری تمام کوششیں مسئلہ کشمیر کے پُرامن، منصفانہ اور دیرپا حل کے حصول پر مرکوز رہیں گی۔

اسحاق ڈار کی قازق صدر سے ملاقات: سیاسی، اقتصادی و عوامی روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ

اسحاق ڈار نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے، غیر قانونی بھارتی قبضے کے باعث کشمیری عوام بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، تاہم کشمیریوں کی ثابت قدمی ان کے مؤقف کی حقانیت کا واضح ثبوت ہے۔

نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ بھارتی بربریت نے جنت نظیر وادی کو جیل بنادیا ہے۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری پیغام میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جانوں کا نذرانہ دے کر حقِ خود ارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت و سلام پیش کرتی ہوں، جو سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنا قانونی کردار ادا کرے۔ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل تک خطے میں پائیدار امن خواب ہی رہے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انشا اللّٰہ کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھے گی۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے کشمیریوں کی طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ 7 دہائیوں سے بھارتی جبر کے خلاف استقامت کی ایک لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ظلم، محاصرے اور خوف کے ماحول کے باوجود کشمیری عوام کا آزادی کا جذبہ آج بھی پوری آب و تاب کے ساتھ زندہ ہے، کشمیریوں کی قربانیوں کے سامنے دنیا کی خاموشی ایک سنگین اخلاقی ناکامی بن چکی ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی واضح تصدیق کرتی ہیں، تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا خواب کبھی حقیقت میں نہیں بدل سکتا۔

وزیرِ داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حق کے لیے ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ پیپلز پارٹی کی سیاست کی بنیاد ہی کشمیر کاز سے جڑی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو حقِ خودارادیت ملنا ان کا بنیادی حق ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بھارت کے مظالم کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، آزادی کی جدوجہد منزل پا کر رہے گی۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری کیے گئے پیغام میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ کشمیری عوام 7 دہائیوں سے بھارتی جبر کے خلاف آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت سے دستبردار نہیں ہوں گے، بلوچستان کا بچہ بچہ اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دینا عالمی برادری کی ذمے داری ہے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیریوں کے ساتھ غیر متزلزل عزم اور یکجہتی کے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔

About the author /


Post your comments

Your email address will not be published. Required fields are marked *