پاکستانی اداکارہ نازش جہانگیر کا کہنا ہے کہ کس طرح ایک سادہ بیان کو توڑ مروڑ کر سنسنی خیز خبر بنا دیا جاتا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے مبالغہ آمیز خبروں پر طنزیہ ردِعمل دیتے ہوئے انسٹا اسٹوری شیئر کی ہے۔
نازش جہانگیر نے انسٹا اسٹوری میں اپنے الفاظ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیے جانے اور توجہ حاصل کرنے والی سرخیوں کے لیے انہیں نئے انداز میں پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ نے طنزیہ انداز میں لکھا ہے کہ میں بل گیٹس کی بیٹی ہوں، یہ نہیں بتایا میں نے۔
اس کے بعد انہوں نے اپنی ناراضی کی وجہ بیان کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ مجھے اس ملک میں انٹرویوز دینا بالکل پسند نہیں، لوگ ایک سادہ سی بات کو کس طرح توڑ مروڑ دیتے ہیں، اسے مکمل طور پر سیاق و سباق سے ہٹا کر ایسا پیش کرتے ہیں جس کا مقصد ہی کچھ اور تھا۔
اداکارہ نے لکھا ہے کہ اپنی کہانی خود گھڑنے سے پہلے مکمل بات جانیں، ہر چیز کو صرف سرخی بنانے کے لیے سنسنی خیز بنانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ نازش جہانگیر کا یہ ردِعمل ان کے حالیہ انٹرویو کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے رشتوں اور اپنے ممکنہ شریکِ حیات سے متعلق ترجیحات پر گفتگو کی تھی۔
ان کے بیانات کے مختصر حصے سوشل میڈیا اور شوبز پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کرنے لگے تھے۔
انٹرویو کے دوران اداکارہ سے پوچھا گیا کہ وہ کس طرح کے شخص سے شادی کرنا چاہیں گی؟ جس پر نازش نے کھل کر جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں ایسے شخص کو ترجیح دوں گی جس کی شخصیت مجھ سے ملتی جلتی ہو، جس کے ساتھ میں ہنس سکوں، زندگی سے لطف اندوز ہو سکوں اور ایک مضبوط تعلق قائم کر سکوں۔
بات چیت کے دوران موضوع دل ٹوٹنے کے تجربے کی جانب بھی گیا، جہاں نازش سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ایسے شخص سے شادی کرنے پر غور کریں گی جو ماضی میں جذباتی صدمے یا دل شکنی کا سامنا کر چکا ہو؟ جس پر اداکارہ نے اسے مسئلہ سمجھنے کے بجائے مثبت انداز میں اپناتے ہوئے کہا کہ میں ایسی شخصیت بننا چاہوں گی جو اپنے مستقبل کے شریکِ حیات کو ماضی کے دکھ سے نکلنے میں مدد دے سکوں۔
ان کی جانب سے کسی کے ’ٹوٹے ہوئے دل کو ٹھیک کرنے‘ یا اسے جذباتی طور پر سنبھالنے کی خواہش کے اظہار کو بعد ازاں مختلف آن لائن پوسٹس اور خبروں میں مختلف انداز میں نمایاں کیا گیا۔



