اوٹاوا: 9 نومبر، 2026
کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمیشن اوٹاوا میں واقع ‘گلوبل سینٹر فار پلورلزم’ میں معروف پاکستانی فنکارہ عائشہ کمال کی خطاطی (خوش نویسی) کے فن پاروں کی تین روزہ نمائش کا اہتمام کیاگیا۔ اس نمائش کا مقصد پاکستان کے بھرپور فنی ورثے اور خطاطی کے دیرینہ فن کی روایت کو اجاگر کرنا ہے۔
یومِ اقبال 2026 کے پرمسرت موقع پر منعقدہ اس خطاطی کی نمائش کا افتتاح کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو متعارف کرانے اور فروغ دینے میں عائشہ کمال کی فنی خدمات کو سراہا۔ تقریب میں کینیڈین پارلیمنٹ کے معزز اراکین، مختلف ممالک کے سفیروں/ہائی کمشنروں اور سفارتی عملے، کینیڈا میں فنونِ لطیفہ کے شائقین اور پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے نمائش میں پیش کیے گئے فن پاروں، بالخصوص ان میں موجود باریک بینی، جمالیاتی حسن اور پاکستان میں روایتی خطاطی کے ارتقائی سفر کو بے حد سراہا۔
یہ نمائش 10 سے 11 نومبر تک عوام کے لیے کھلی رہے گی اور کینیڈا میں فنونِ لطیفہ کے شوقین افراد کو پاکستان کی ثقافتی تحریری روایت کو جاننے اور سمجھنے کا موقع فراہم کرے گی۔ یہ نمائش ہائی کمیشن کی ان مسلسل کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد فنی روابط کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے عوام کے مابین قریبی تعلقات استوار کرنا ہے، تاکہ دوستی کے دیرینہ رشتے قائم ہو سکیں۔
عائشہ کمال نے ایک ماہر فنکارہ کی حیثیت سے، اپنی منفرد خطاطی اور فنِ تحریر کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ وہ اپنے کام میں روایتی فنی اثرات کا اظہار دور حاضر کے ساتھ انتہائی مہارت سے ملاتی ہیں۔ ان کے فن پارے پاکستان کے ثقافتی ورثے کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔ ٹورنٹو اور مونٹریال میں پاکستان کے قونصل جنرلز نے بھی اس نمائش میں تعاون کیا تاکہ پاکستان کے شاندار فنی ورثے کوکینیڈین سول سوسائٹی کے وسیع حلقوں تک پہنچایا جا سکے۔
















