کراچی: خاتون کو قتل کرنیوالا ملزم گرفتار، مقتولہ اور اسکے بچوں کے موبائل فونز برآمد

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پولیس نے سویرا نامی خاتون کے قتل میں ملوث نامزد ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل اور مقتولہ سمیت اس کے بچوں کے موبائل فونز برآمد کر لیے۔

پولیس کے مطابق 23 اکتوبر کو لیاقت آباد 6 نمبر چوڑی والی گلی میں رہائشی عمارت کے فلیٹ سے 30 سالہ سویرا کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی تھی جس پر پولیس نے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا تھا۔

درخواست گزار نے مقتولہ کے دوست مبین کو مقدمے میں نامزد کیا تھا جو واردات کے بعد سے غائب تھا تاہم لیاقت آباد پولیس نے خفیہ ذرائع، ٹیکنیکل سپورٹ اور مخبروں کی مدد سے کامیاب چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم مبین کو گرفتار کر لیا۔

حکام کا مزید بتانا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں ملزم مبین نے بتایا کہ تلخ کلامی کے دوران طیش میں آکر سویرا کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا تھا۔

ملزم کے مطابق قتل کے بعد کپڑے تبدیل کیے اور خون آلود کپڑے لے کر موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے بتایا کہ بعد ازاں کپڑے کچرا اٹھانے والی گاڑی میں پھینک دیے تاکہ شواہد چھپائے جا سکیں۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کا شوہر روزگار کے سلسلے میں بیرونِ ملک مقیم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں