چئیرمین پی سی بی محسن نقوی تین ملکی ون ڈے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف غیر معمولی کامیابی کے بعد میچ کے ہیروز سے ملنے گراؤنڈ پہنچ گئے۔
محسن نقوی کے ہمراہ وفاقی وزراء عطا تارڑ اور عون چوہدری بھی تھے، چیئرمین پی سی بی باری باری حارث رؤف اور شاداب خان کو گلے ملے۔
چیئرمین پی سی بی نے دونوں ہیروز کو گرم جوشی سے مبارکباد اور شاباش دی۔
وفاقی وزراء عطا تارڑ اور عون چوہدری بھی گراؤنڈ میں ہیروز سے ملے اور مبارکباد دی۔
میچ ونر شاداب خان نے کہا کہ انہیں اندازہ ہی نہیں ہوا کہ گیند بلے کا کنارہ لے کر گئی ہے۔ حارث رؤف نے اصرار کیا کہ ری ویو لینا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو میں شاداب خان کا کہنا تھا کہ حارث کے اصرار پر ری ویو لیا، اس وقت کافی مایوسی کا شکار تھا۔
انہو ں نے کہا کہ سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ نے جس اعتماد کا اظہار کیا، اس پر پورا اترنے کی خوشی ہے۔
حارث رؤف کا کہنا ہے کہ آخری لمحات میں شاداب سے یہی بات ہوئی تھی کہ میچ میں خود ختم کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ شاداب خان نے جس انداز میں بیٹنگ کی وہ ورلڈ کلاس تھی، یہ کامیابی پاکستان کے عوام کے لیے بھی خوشی کا بڑا موقع ہے۔
پاکستان کے شاداب خان اور حارث رؤف نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں دسویں وکٹ کی سب سے بڑی ناقابلِ شکست شراکت کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دونوں کھلاڑیوں نے 89 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کر کے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں 1 وکٹ سے کامیابی دلائی اور ون ڈے سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پہنچا دیا۔
انگلینڈ کے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 154 رنز پر 9 وکٹیں گنوا چکی تھی، جس کے بعد شاداب خان اور حارث رؤف نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
شاداب خان کا غصے میں لیا گیا ری ویو کام کرگیا
پاکستان نے 47 اعشاریہ 1 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنا کر ہدف حاصل کر لیا۔
اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں کامیاب ہدف کے تعاقب کے دوران دسویں وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے ڈیرک مرے اور اینڈی رابرٹس کے پاس تھا، جنہوں نے 1975ء میں پاکستان کے خلاف 64 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی تھی۔
شاداب خان نے 96 گیندوں پر ناقابلِ شکست 113 رنز بنائے، جس میں 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، یہ ان کی ون ڈے کرکٹ میں پہلی سنچری ہے۔
شاداب خان نے آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
اندازہ ہی نہیں ہوا گیند بلے کا کنارہ لے کر گئی ہے، حارث کے اصرار پر ری ویو لیا، شاداب
اس سے قبل یہ ریکارڈ آئرلینڈ کے سمی سنگھ اور بنگلا دیش کے مہدی حسن میراز کے پاس تھا، جنہوں نے آٹھویں نمبر پر ناقابلِ شکست 100، 100 رنز بنائے تھے۔
حارث رؤف نے شاداب خان کا بھرپور ساتھ دیا اور 19 گیندوں پر 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔




