پی ٹی آئی لانگ مارچ لکی مروت سے شروع، کرک پہنچ گیا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا آج سے شروع ہونے والا لانگ مارچ لکی مروت سے کرک پہنچ گیا۔

سہیل آفریدی بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور سے لکی مروت پہنچے تو کارکنوں نے ہیلی پیڈ پر اُن کا استقبال کیا۔

کارکنوں سے خطاب میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ بندکمروں کی پالیسی، جو خیبرپختونخوا کےمفاد میں نہیں ہوگی، نہیں مانیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق میں جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی اُس وقت امن تھا، موجودہ وفاقی حکومت کی پالیسی سے دہشت گردی ختم نہیں ہوئی، مزید بڑھی ہے۔

سہیل آفریدی نے دعوی کیا کہ جو پالیسی وہ دے رہے ہیں اُس سے 100 دن میں امن قائم ہوسکتا ہے، ہم عوام کی طاقت سے نکلے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ آج رات کرک میں قیام کریں گے اور کل یہاں سے روانہ ہوں گے اور ہر دن پلان دیں گے۔
سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پورلانگ مارچ کا ارادہ چھوڑ کر قافلے سمیت واپس اپنی رہائشگاہ پہنچ گئے۔

علی امین گنڈاپور یارک ٹول پلازہ سے واپس روانہ ہوئے، ڈیرہ اسماعیل خان پہنچنے پر انہوں نے کہا کہ ہم قانون ہاتھ میں نہیں لیں گے۔

انہوں نے لانگ مارچ میں شرکت کےلیے گنڈی چوک پہنچنا تھا لیکن یارک ٹول پلازہ کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں