وزیرِ اعظم شہباز شریف 13 روزہ کامیاب دورہ امریکا اور برطانیہ سے رات گئے وطن واپس پہنچ گئے، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے 5 روز امریکا جبکہ 9 دن تک لندن میں قیام کیا، وہ 17 ستمبر کو استنبول کے راستے لندن پہنچے تھے۔
شہباز شریف نے لندن میں 5 روز قیام کیا اور 21 ستمبر کو لندن سے امریکا پہنچے جہاں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس میں شرکت اور خصوصی خطاب کیا اور اہم بین الاقوامی رہنماؤں سے ملاقاتوں کیلئے 5 روز تک نیویارک میں قیام پذیر رہے۔
وزیراعظم وفد کے ہمراہ 25 ستمبر کو نیویارک سے واپسی پر پھر لندن پہنچے اور 4 روز قیام کیا۔
وزیراعظم نے آخری روز لندن اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب بھی کیا جس کے بعد وہ منگل کی دوپہر لوٹن ایئرپورٹ سے پاکستان کیلئے روانہ ہوئے۔
شہباز شریف کی خصوصی پرواز بیلاروس قازقستان کے راستے سوا 8 گھنٹے میں اسلام آباد پہنچی۔وزیراعظم شہباز شریف نے لندن اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپننگ تقریب میں شرکت کی۔
شہباز شریف نے پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز لسٹنگ کی بھی رونمائی کی، سی ای او لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ ڈیوڈ شوئمر اور لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے سینئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
پی ایم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت پاکستان اور لندن کے اہم مالیاتی اداروں کے درمیان بڑھتے روابط کا مظہر ہے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیر اعظم ہیں جنھیں لندن اسٹاک ایکسچینج ٹریڈنگ اوپننگ کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔



