نئی دہلی میں ایس سی او کانفرنس، پاکستان کی شرکت کا اعلان، تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پیر کو متوقع، بھارت پُرامید

بھارت میں شنگھائی تعاون تنظیم ثقافتی فورم‘ پاکستان کا شرکت کا فیصلہ پیر کو متوقع‘اجلاس 20سے 22نومبر تک نئی دہلی میں، بھارت نے امیدکا اظہار کیا ہے کہ پاکستان شرکت کرے گا ‘وفاقی وزیربرائے قومی ورثہ وثقافت اورنگزیب کھچی مدعو ‘بھارتی وزیر کو جواب کا انتظار، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرزکی مشاورت کے بعدفیصلہ کیا جائے گا۔پاکستان سے توقع ہے کہ وہ پیر کو اعلان کرے گا کہ آیا وہ 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے ’’تہذیبی مکالمے کے فورم‘‘ میں شرکت کرے گا یا نہیں۔ بھارتی وزیر ثقافت گجندرسنگھ شیخاوت کاکہناہے کہ پاکستان کی تہذیب اور ثقافتی ارتقا ہم سے مختلف نہیں ہے، اس لیے مجھے امید ہے کہ پاکستان اس فورم میں شرکت کرے گا۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی مکالمہ ہر تنازع حل نہیں کرسکتا، تاہم یہ اعتماد کی فضا قائم کرنے، بات چیت شروع کرنے اور ممالک و تہذیبوں کے درمیان پائیدار تعلقات استوار کرنے میں مدد دے سکتا ہے‘باضابطہ دعوت نامہ موصول ہونے کے بعد پاکستان کا کہنا ہے کہ شرکت کے بارے میں حتمی فیصلہ مختلف اداروں سے مشاورت کے بعد ملک کی قیادت کرے گی۔دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے جمعے کو دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک سیاسی فیصلہ ہے۔ اعلان سے قبل تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی جائے گی اور امید ہے کہ پیر تک اعلان کردیا جائے گا، کیونکہ اب ہمارے پاس زیادہ وقت نہیں بچا۔ جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ اگر شرکت کا فیصلہ کیا گیا تو پاکستان کی نمائندگی کون کرے گا، اس بارے میں فیصلے سے پہلے کچھ کہنا میرے لیے ممکن نہیں۔ بھارت نے پاکستان کے وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔نئی دہلی میں ہونے والا یہ تہذیبی مکالمے کے فورم کا پہلا اجلاس ہوگا۔ توقع ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نئی دہلی کے سولہویں صدی کے تاریخی قلعے پرانا قلعہ میں فورم کا افتتاح کریں گے۔ تین روزہ اس تقریب میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔ بھارتی وزیر ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت نے پاکستان کو ایس سی او کے تہذیبی مکالمے کے فورم میں شرکت کی دعوت دی ہے اور انہیں امید ہے کہ پاکستان اس میں شرکت کرے گا، تاہم اسلام آباد کی جانب سے باضابطہ اور حتمی فیصلے کا انتظار ہے۔ اگرچہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے آثار نہیں ہیں، تاہم دونوں ملکوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے کثیرالجہتی اجلاسوں میں شرکت کو دوطرفہ تنازعات سے الگ رکھنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔بھارت نے 25 ممالک کو دعوت نامے بھیجے ہیں، جن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام 10رکن ممالک (بیلا روس، چین، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، پاکستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان) کے علاوہ تنظیم کے مبصر اور مکالماتی شراکت دار ممالک بھی شامل ہیں۔شیخاوت نے مزید کہاکہ پاکستان کی تہذیب اور ثقافتی ارتقا ہم سے مختلف نہیں ہے، اس لیے مجھے امید ہے کہ پاکستان اس فورم میں شرکت کرے گا۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ ثقافتی مکالمہ ہر تنازع حل نہیں کرسکتا، تاہم یہ اعتماد کی فضا قائم کرنے، بات چیت شروع کرنے اور ممالک و تہذیبوں کے درمیان پائیدار تعلقات استوار کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔دریں اثنا نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو گزشتہ رات ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف کا ٹیلی فون موصول ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے آئندہ کثیرالجہتی سرگرمیوں، جن میں اسلام آباد میں ہونے والا اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کا اجلاس بھی شامل ہے، پر تبادلہ خیال کیا۔بعد ازاں اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ میں ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں آئندہ کثیرالجہتی سرگرمیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ ان سرگرمیوں میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے کونسل کا اجلاس اور 2027 میں اسلام آباد میں ہونے والا شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہانِ حکومت کی کونسل (ایس سی او، سی ایچ ایس) کا اجلاس شامل ہیں۔پاکستان 15 اور 16 نومبر کو اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 30ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا۔تاہم سفارتی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی حکومت کو تاحال اس اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں