میرپور پولیس نے منگلا ڈیم سے مردہ حالت میں ملنے والے نوجوان وقاص الطاف کے مبینہ قتل کا معمہ 24 گھنٹوں میں حل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے 2 سگے بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والا سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
ایس ایس پی میرپور خرم اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وقاص الطاف کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کیں۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوان کی لاش منگلا ڈیم سے برآمد ہوئی، جس کے بعد واقعے کی تفتیش قتل کے مقدمے کے طور پر آگے بڑھائی گئی۔
ایس ایس پی کے مطابق پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ تفتیش اور جدید ذرائع کی مدد سے مبینہ قتل میں ملوث 2 سگے بھائیوں کو گرفتار کر لیا، جن کا تعلق میرپور کے نواحی علاقے سے ہے۔
خرم اقبال کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل کی وجہ خاندانی تنازع معلوم ہوتی ہے، تاہم گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمے کا چالان جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا۔




