ایم کیوایم کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ممکن ہے دسمبر میں کال دی جائے کہ شاہراہ فیصل پر جمع ہوجائیں اور ریفرنڈم ہوجائے۔
انتظامی یونٹس کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان کی کراچی میں گلشن اقبال میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ریفرنڈم میں ہم لاڑکانہ بھی جائیں گے اور دیگر علاقوں کا رخ بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ تین ماہ کیلئے سندھ میں گورنر راج لگائیں اور ریفرنڈم کروائیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کا اجلاس جاری ہے، ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے جلسے کی اجازت نہ ملنے کے بعد ایم کیو ایم 29 نومبر کو ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے پر غور کر رہی ہے۔
29 نومبر کو ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی اور جلسے کا معاملہ پر ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ریلی اور جلسہ منسوخ کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
ریلی اور جلسے کے حوالے سے حتمی فیصلے کا اعلان آج بہادرآباد پر ہونے والی پریس کانفرنس میں کئے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کو 29 نومبر کو شارع فیصل پر ریلی کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 29 نومبر کو جلسے کی درخواست پہلے سندھ ترقی پسند پارٹی نے دی تھی، ٹکراؤ کے پیشِ نظر ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔




