قاہرہ، پیٹرولیم مصنوعات کے ٹرک میں دھماکا، 31 افراد ہلاک

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیٹرولیم مصنوعات لے جانے والے ٹرک میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 31 سے ​​زائد افراد ہلاک ہوگئے۔

مصر کی وزارتِ صحت و آبادی کا کہنا ہے کہ حادثے میں 21 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق حادثہ قاہرہ کی رنگ روڈ کے قریب، امبابا کے علاقے وراق میں ٹنل 10 کے اوپر پیش آیا، آگ نے 27 گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور دیگر سواریوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاک بعض افراد کی شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے حاصل کیے جا رہے ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات اور نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں مصر کی وزارتِ پیٹرولیم کا بتانا تھا کہ نجی کمپنی کے ٹینکر کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کے بعد اس میں دھماکہ ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں