امریکی وفاقی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سی این این، ایم ایس ناؤ اور پولیٹیکو کے صحافیوں کو وائٹ ہاؤس میں داخلے سے روکنے کے اقدام پر عارضی طور پر پابندی عائد کرتے ہوئے تینوں میڈیا اداروں کے صحافیوں کی رسائی فوری بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
امریکی ڈسٹرکٹ جج ٹموتھی کیلی نے یہ حکم اس مقدمے میں جاری کیا جو تینوں میڈیا اداروں نے 18 ستمبر کو عائد پابندی کے خلاف دائر کیا تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ صحافیوں کے پریس پاسز منسوخ کرنے سے قبل انہیں آئینی تقاضوں کے مطابق مناسب نوٹس اور اپیل کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔
وائٹ ہاؤس میں 3 بڑے میڈیا اداروں پر پابندی، ٹرمپ کی معاون نٹالی ہارپ کا کردار سامنے آ گیا
امریکی صدر ٹرمپ نے پابندی کا اعلان کرتے ہوئے تینوں اداروں پر مسلسل ’جعلی خبریں‘ اور من گھڑت رپورٹس نشر کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
دوسری جانب امریکی محکمۂ انصاف کے وکلاء نے عدالت میں وائٹ ہاؤس میں رسائی پر پابندی کا دفاع کرتے ہوئے قومی سلامتی کے خدشات کا حوالہ دیا۔
عدالت کے حکم سے فی الحال صحافیوں کی وائٹ ہاؤس تک رسائی بحال ہو گی جبکہ مقدمے میں آئینی اور قانونی معاملات پر مزید کارروائی جاری رہے گی۔








