سلطان حسین پکھلیوال: مغلیہ تاریخ کا ایک بااثر زمیندار تحریر و تحقیق: نجیم شاہ

پکھلی کی تاریخ میں سلطان حسین پکھلیوال ایک ایسی اہم شخصیت ہیں جنکا ذکر محض مقامی روایات تک محدود نہیں، بلکہ مغلیہ عہد کی مستند تاریخی کتابوں میں بھی محفوظ ہے۔ ابوالفضل کی تصنیف ’’آئینِ اکبری‘‘ (1596-1595ء) اور شہنشاہ جہانگیر کی خودنوشت ’’تزکِ جہانگیری‘‘ (1605ء۔1624ء ) میں اُنکے حالات کا تذکرۂ ملتا ہے۔ ان تاریخی حوالوں سے سلطان حسین کی سیاسی حیثیت، علاقائی اثرورسوخ اور مغلیہ سلطنت سے اُنکے تعلقات کی اہمیت واضح ہوتی ہے۔

’’آئینِ اکبری‘‘ کے انگریزی ترجمے میں ایچ۔ بلوچ مین نے سلطان حسین کے خاندانی پس منظر اور سیاسی حیثیت کا ذکر کیا ہے۔ اُن کے والد کا نام سلطان محمود بتایا گیا ہے۔ بلوچ مین کے مرتب کردہ حالاتِ امراء میں سلطان حسین کے اکبر کے خلاف باغیانہ رویئے کا حوالہ بھی ملتا ہے۔ اِس سے اندازہ ہوتا ہے کہ سلطان حسین محض ایک مقامی زمیندار نہیں تھے، بلکہ اپنے علاقے میں سیاسی اثرورسوخ رکھتے تھے اور مغلیہ حکومت بھی اُنکی سرگرمیوں سے باخبر تھی۔

سلطان حسین کے بارے میں سب سے اہم اور براہِ راست تاریخی شہادت ’’تزکِ جہانگیری‘‘ میں ملتی ہے۔ شہنشاہ جہانگیر لکھتے ہیں کہ پکھلی پہنچنے پر سلطان حسین اُنکی خدمت میں حاضر ہوئے۔ بادشاہ نے اُنہیں پکھلی کا زمیندار قرار دیا ہے۔ یہ بیان اس حقیقت کی تصدیق کرتا ہے کہ سلطان حسین مغلیہ عہد میں اپنے علاقے کے ایک تسلیم شدہ اور بااثر زمیندار تھے، جنہیں شاہی دربار تک براہِ راست رسائی حاصل تھی۔

جہانگیر مزید لکھتے ہیں کہ سلطان حسین کی درخواست پر وہ اُنکے گھر تشریف لے گئے اور اس طرح ہم مرتبہ زمینداروں اور ہمسایوں کے درمیان اُنکی عزت و توقیر میں اضافہ کیا۔ شہنشاہ نے یہ بھی بتایا کہ اُنکے والد اکبر بادشاہ اس سے قبل سلطان حسین کے گھر جا چکے تھے۔ یہ تفصیل غیر معمولی تاریخی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اس سے مغلیہ سلطنت کے دو بادشاہوں، اکبر اور جہانگیر، کے ساتھ سلطان حسین کے خاندان کے براہِ راست روابط کا پتا چلتا ہے۔

جہانگیر نے سلطان حسین کے والد سلطان محمود کا بھی ذکر کیا ہے۔ اُنکے مطابق سلطان محمود اور سلطان حسین دونوں اُس وقت بھی اُنکی خدمت میں حاضر ہوئے تھے جب وہ شہزادے تھے۔ شہنشاہ کے بیان کے مطابق سلطان حسین کی عمر تقریباً ستر برس تھی، تاہم وہ جسمانی طور پر توانا اور گھڑسواری کے قابل تھے۔ ایک مغل شہنشاہ کی خودنوشت میں کسی علاقائی زمیندار کی عمر، جسمانی صحت اور صلاحیتوں کا اس تفصیل سے بیان ہونا اُنکی سماجی اور سیاسی اہمیت کا نمایاں ثبوت ہے۔

’’تزکِ جہانگیری‘‘ میں پکھلی کی جغرافیائی حدود بھی بیان کی گئی ہیں۔ جہانگیر کے مطابق یہ علاقہ پینتیس کوس لمبا اور پچیس کوس چوڑا تھا۔ اسکے مشرق میں کشمیر کے پہاڑی علاقے، مغرب میں اٹک، شمال میں کٹور اور جنوب میں گکھڑوں کا علاقہ واقع تھا۔ شہنشاہ نے یہاں کے باشندوں کی نسبت قارلق نسل سے ہونے کی روایت بھی نقل کی ہے۔ یہ تفصیلات پکھلی کی جغرافیائی وسعت، آبادی اور علاقائی اہمیت کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔

سلطان حسین کی سیاسی حیثیت کا ایک اہم پہلو مغلیہ سلطنت میں اُنکا منصب بھی تھا۔ بلوچ مین کے مرتب کردہ تاریخی اندراج کے مطابق جہانگیر کے دورۂ پکھلی کے وقت سلطان حسین چار سو منصب اور تین سو سواروں کے حامل تھے۔ بعدازاں شہنشاہ نے اُنکا منصب بڑھا کر چھ سو اور سواروں کی تعداد ساڑھے تین سو کر دی۔ یہ تفصیلات ظاہر کرتی ہیں کہ سلطان حسین کو مغلیہ انتظامی اور عسکری نظام میں باقاعدہ مقام حاصل تھا اور شاہی حکومت اُنکی خدمات اور علاقائی حیثیت کو تسلیم کرتی تھی۔

سلطان حسین کی وفات کے بعد اُنکا منصب اور پکھلی کی حکمرانی اُنکے بڑے صاحبزادے شادمان کو منتقل ہوئی۔ عہدِ شادمانی میں پکھلی پر اخون سالاک اور بہاکو خان کی قیادت میں سواتی و یوسفزئی لشکر نے حملہ کیا۔ ان واقعات کا ذکر 1667ء کے حوالے سے ’’عالمگیرنامہ‘‘ میں ملتا ہے۔ مقامی تاریخ کے مطابق اخون سالاک نے چھاچھل (چھانچل) قلعے پر حملہ کیا تو پکھلی کا والیٔ سلطان شادمان تھا، جبکہ شمشیر خان اُسکا مقرر کردہ نمائندہ تھا، جسے قلعے اور ملحقہ علاقے کی نگرانی سونپی گئی تھی۔

روایات کے مطابق اخون سالاک کی قیادت میں سواتی لشکر نے چھاچھل قلعہ فتح کر لیا، جسکے بعد پکھلی (ہزارہ) میں سواتی قبائل کی آبادکاری کا عمل شروع ہوا۔ پروفیسر اختر اپنی کتاب ’’تاجک سواتی مملکتِ گبر‘‘ میں اخون سالاک کو فاتحِ پکھلی قرار دیتے ہیں۔ وہ اس فتح کے بعد علاقے میں سواتیوں کی آبادکاری اور سلطان شادمان کے لاپتہ ہو جانے کا بھی ذکر کرتے ہیں۔ یوں عہدِ شادمانی پکھلی کی سیاسی اور قبائلی تاریخ میں ایک اہم تبدیلی کا زمانہ ثابت ہوا۔

بلوچ مین کے تاریخی اندراج کے مطابق شادمان نے بعدازاں داراشکوہ کے ساتھ قندھار کی مہم میں خدمات انجام دیں۔ شاہجہاں کے عہد میں انہیں ایک ہزار منصب اور نو سو سواروں کا عہدہ حاصل ہوا۔ یہ تفصیل اس امر کی نشان دہی کرتی ہے کہ سلطان حسین کا خاندان ان کے بعد بھی مغلیہ سلطنت کے سیاسی اور عسکری نظام میں نمایاں حیثیت رکھتا تھا۔ اس طرح سلطان حسین کی سیاسی میراث اُن کی ذات تک محدود نہ رہی، بلکہ اگلی نسل تک منتقل ہوئی۔

ان تاریخی شواہد کی روشنی میں سلطان حسین مغلیہ عہد کی ایک بااثر، صاحبِ حیثیت اور اہم علاقائی شخصیت کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ اُن کی زمینداری، شاہی دربار تک رسائی، منصب و جاگیر اور خاندان کے سیاسی و عسکری روابط اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ پکھلی کو مغلیہ دور میں ایک نمایاں علاقائی مقام حاصل تھا۔ ان کے حالاتِ زندگی اور سیاسی کردار کا مطالعہ اُس دور کی علاقائی تاریخ کے کئی اہم پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں