خیبر پختونخوا میں تربیلا کے واقعہ سے سیلاب کا خطرہ نہیں، مشیر آبپاشی

تربیلا ڈیم میں بند ٹوٹنے کے معاملے پر خیبرپختونخوا کے مشیر آبپاشی ڈاکٹر ارشاد خان نے کہا کہ میری ہدایت پر سیکریٹری ایریگیشن نے صوابی کا دورہ کیا ہے۔

پشاور میں جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشاد خان نے کہا کہ واپڈا کے اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں تربیلا ڈیم کے واقعہ سے سیلاب کا خطرہ نہیں، صوابی میں بھی فی الحال سیلاب کا خطرہ نہیں، صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔

صوبائی مشیر آبپاشی نے کہا کہ خیر آباد کے مقام پر دریائے سندھ کے گیج کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے، ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق رپورٹ دینےکی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا دریائے سندھ میں تربیلا سے اخراج اور مختلف مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

ڈاکٹر ارشاد علی نے کہا کہ 9 نومبر شام 7 بجے تربیلا سے پانی کا اخراج ایک لاکھ 44 ہزار 200 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، اٹک اور خیر آباد کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 49 ہزار 747 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نوشہرہ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 8 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار 737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

ڈاکٹر ارشاد خان نے کہا ہنڈ کامقام تربیلا ڈیم سے 15 کلومیٹر نیچے کی جانب واقع ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم کرکے ایک ہزار 490 فٹ تک لائی جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا ڈیم کی سطح کم کرنے کے لیے بجلی کی تمام پاور ٹنلز فعال کر دی گئی ہیں، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم کرنے کا عمل کل دوپہر 12بجے تک مکمل ہونے کا
امکان ہے۔
تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید اضافی پانی آج رات چھوڑے جانے کا امکان ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں میں سندھ دریا میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ متوقع ہے، اٹک اور ہری پور اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا۔

اٹک ضلعی انتظامیہ کیجانب سے دریائے سندھ کے قریب چھچھ گاؤں کے شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تحصیل حضرو کے مختلف علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری اپنے مال مویشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کریں، حضرو انتظامیہ کی جانب سے مختلف مساجد میں اعلانات بھی کروائے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے تربیلا کی ٹنل 5 منہدم ہونے کی زیر گردش اطلاعات غلط قرار دی ہیں۔

ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ تربیلا کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر کنکٹنگ ٹنل کے سیکنڈ بنچ کی کھدائی جاری تھی، جس کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گر گیا، جس کے بعد پانی ان ٹیک پٹ سے ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں