بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ساف فٹبال چیمپئن شپ جیت لی۔ بھارت نے کھیل کے اختتامی لمحات میں گول کرکے 1-2 سے فتح حاصل کرکے دسویں بار ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، پاکستانی ٹیم پہلی بار ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی تھی۔
ڈھاکہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ انتہائی سنسنی خیز رہا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان کو بھارت کے خلاف ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔
پہلے ہاف کے آخری لمحات میں پاکستان کی جانب سے پہلا گول عالمگیر غازی نے کیا، دوسرے ہاف کے 61 ویں منٹ میں بھارت نے گول کرکے پاکستان کی برتری ختم کی۔ بھارت کی جانب سے پہلا گول سہیل بھٹ نے کیا۔
میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑی جنید کو فاؤل پر ریڈ کارڈ دکھادیا گیا جس کے بعد پاکستان بقیہ وقت میں میچ 10 کھلاڑیوں سے کھیلا۔
سندیپ منڈی نے 92+2 کے اضافی وقت میں گول کرکے بھارتی ٹیم کو فتح دلوا دی۔




