پکھلی اور ہزارہ کی تاریخ میں بھائی خان اور اُنکے فرزند مراد خان کو خانخیل سواتی قبیلے کی اہم شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔ ان کا تذکرۂ سواتیوں کی آمد، ترک اقتدار کے خاتمے، قبائلی حکمرانی کے قیام اور اراضی کی تقسیم کے حوالے سے مقامی تاریخی روایات میں ملتا ہے۔ اُنکی اہمیت جنگی کارناموں کیساتھ قبائلی اقتدار اور خاندانی نسب سے بھی وابستہ ہے۔
مقامی روایت کے مطابق بھائی خان نے سید جلال بابا کے ساتھ ملکر سواتیوں کی پکھلی میں پیشقدمی اور کرلوغ ترکوں کے اقتدار کے خاتمے میں کردار ادا کیا۔ ترکوں کی شکست کے بعد مفتوحہ اراضی قبائلی سرداروں میں تقسیم کی گئی۔ بھائی خان کو خانخیل خاندان کا جدِ اعلیٰ جبکہ اُنکے فرزند مراد خان کو خاندانی سرداری اور انتظامی اثرورسوخ مستحکم کرنیوالی شخصیت قرار دیا جاتا ہے۔
تاہم پکھلی میں سواتیوں کی آمد اور ترک اقتدار کے خاتمے کی زمانی ترتیب کے حوالے سے تاریخی ماخذوں میں اختلاف پایا جاتا ہے۔ 1907ء کے ہزارہ گزٹیر کے مطابق مغلیہ سلطنت کے زوال کے زمانے میں سواتیوں نے پکھلی پر متعدد حملے کیے، جبکہ سید جلال بابا کی قیادت میں اٹھارہویں صدی کے اوائل کو اُن کی آمد کا آخری بڑا مرحلہ قرار دیا گیا ہے۔
اس ضمن میں مغل مؤرخ محمد کاظم کی تصنیف ’’عالمگیر نامہ‘‘ اہم تاریخی ماخذ ہے۔ اس میں 1667ء کے واقعات کے تحت اخوند سالاک اور بہاکو خان کی قیادت میں سواتی و یوسفزئی لشکروں کے پکھلی پر حملوں کا ذکر ملتا ہے۔ واقعات کے قریب عہد میں مرتب ہونے کی وجہ سے یہ حوالہ بعد کی مقامی روایات کے مقابلے میں خصوصی تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔
جرمن محقق وولف گانگ ہولزوارتھ کے مطابق اخوند سالاک اور بہاکو خان تقریباً پانچ ہزار جنگجوؤں کے ساتھ دریائے سندھ عبور کرکے پکھلی میں داخل ہوئے اور قلعہ چھاچھل پر قبضہ کیا۔ پروفیسر اختر نے بھی اپنی تصنیف ’’تاجک سواتی و مملکتِ گبر‘‘ میں اخوند سالاک کو فاتحِ پکھلی قرار دیا ہے۔ اُن کے مطابق تھاکوٹ کے قریب چھانجل قلعے پر حملہ بھی سید جلال بابا کے بجائے اخوند سالاک کی قیادت میں ہوا تھا۔
اِن شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پکھلی میں سواتیوں کی ابتدائی فوجی پیشقدمی سترہویں صدی میں شروع ہو چکی تھی۔ پروفیسر اختر کے مطابق بھی اخوند سالاک کے حملے ہی کے دوران پکھلی میں سواتیوں کی آبادکاری کا آغاز ہوا، جبکہ سید جلال بابا سے منسوب واقعات اٹھارہویں صدی کے اوائل کے ہیں۔ اِس تناظر میں بھائی خان کی بدخشاں سے آمد ایک الگ فوجی مہم معلوم ہوتی ہے، جس کا تعلق گلی باغ کے ترک حکمرانوں سے تھا۔
برطانوی مصنف جارج بی سکاٹ نے اپنی تصانیف ’’ٹوئنٹی ایئرز آن دی نارتھ ویسٹ فرنٹیئر‘‘ (1906ء ) اور ’’افغان اینڈ پٹھان‘‘ (1939ء ) میں بھائی خان کا ذکر کیا ہے۔ اُنکے مطابق بدخشاں سے آنیوالے پٹھان سردار نے چند سو جنگجوؤں کے ساتھ دریائے سندھ عبور کیا اور تھاکوٹ کے راستے پکھلی پہنچے۔ اس مہم کا پس منظر گلی باغ کے ترک گورنر کے خلاف ایک مقامی خاندان کی انتقامی کارروائی تھی۔
سکاٹ کے بقول اُنہوں نے یہ داستان 1867ء میں کوہِ تنگلائی پر ایک معمر ترک شخص سے سُنی تھی، جو اپنے آباؤ اجداد کو گلی باغ کا سابق حکمران بتاتا تھا۔ روایت کے مطابق بھائی خان نے جنگجوؤں کو جمع کرکے رات کے وقت مشعلوں، نعروں اور اچانک حملے کے ذریعے گلی باغ پر قبضہ کیا۔ سکاٹ نے ایک سواتی خان سے بھی اس واقعے کی ایک مختلف خاندانی روایت سُنی تھی۔
ترک اقتدار کے خاتمے کے بعد مقامی روایات کے مطابق مراد خان نے پکھلی میں اپنے خاندان کی سرداری اور انتظامی حیثیت کو مستحکم کیا۔ زمینوں کی تقسیم، قبائلی خاندانوں کی آبادکاری اور مقامی معاملات میں اُن کے خاندان کا نمایاں اثرورسوخ رہا۔ اُنکی قیادت میں خانخیل خاندان نے پکھلی کے سماجی، سیاسی اور قبائلی نظام میں ایک اہم مقام حاصل کیا۔
خانخیل خاندان کے نسب کے بارے میں دو نمایاں روایات موجود ہیں۔ پہلی کے مطابق یہ خاندان سواتی قبیلے کی خانخیل شاخ سے تعلق رکھتا ہے اور ا کے بزرگوں کی ابتدائی آبادی سوات کے علاقے تھانہ بختہ میں تھی۔ دُوسری روایت میں خاندان اپنے آپ کو قریشی النسل قرار دیتا ہے۔ قریشی نسب کے دعوے کا اہم برطانوی حوالہ 1907ء کا ہزارہ گزٹیر ہے۔ اس میں گڑھی حبیب اللہ کے موروثی سردار محمد حسین خان کو خانخیل ذیلی شاخ سے متعلق قرار دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ خانخیل اصرار کرتے ہیں کہ وہ سواتی نہیں بلکہ قریشی ہیں۔
گزٹیر کے مطابق محمد حسین خان بڑے جاگیردار تھے اور اُنکی جاگیر میں کونش اور وادیِ کنہار کے بعض علاقے شامل تھے۔ ایک دستیاب شجرے میں محمد حسین خان بن سمندر خان کا نسب بھائی خان تک پہنچتا ہے۔ ’’تحقیق الافغان‘‘ میں خانخیل قبیلے کے نسب کی صدیقی قریشی روایت کی تفصیل بیان کرتے ہوئے بھائی خان کا اصل نام عبدالرحمٰن لکھا گیاہے۔ پروفیسر اختر کے مطابق بھی جارج سکاٹ نے بھائی خان کو سواتی کے بجائے پٹھان لکھا ہے جبکہ اس قبیلے کے افراد اپنے آپ کو قریش لکھتے اور بولتے ہیں۔
دستیاب شجروں کے مطابق بھائی خان کے چار فرزند مراد خان، خوشحال خان، صلاح خان اور طور خان تھے۔ مراد خانی گڑھی حبیب اللہ، مانسہرہ، ہمشیریاں، باڑی، ترکنال، سم الٰہی، منگ، نیلی شنگ، راجدواری اور ہل میں آباد ہوئے، جبکہ خوشحال خانی بن سیر اور صلاح خانی و طور خیل شملائی میں آباد بتائے جاتے ہیں۔ یہ شاخیں ہزارہ میں خانخیل خاندان کے تاریخی پھیلاؤ اور اثرورسوخ کی نشان دہی کرتی ہیں۔
بھائی خان اور مراد خان کی تاریخ محض ایک خاندان کے نسب یا سرداری تک محدود نہیں بلکہ پکھلی میں قبائلی اقتدار، زمینوں کی تقسیم اور ہزارہ کی سماجی و سیاسی تشکیل سے بھی جڑی ہے۔ ’’عالمگیر نامہ‘‘، ہزارہ گزٹیر، جارج بی سکاٹ کی تصانیف اور مقامی شجرے اس تاریخ کے مختلف پہلو اُجاگر کرتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان روایات کو مستند تاریخی دستاویزات کی روشنی میں پرکھا جائے تاکہ ان شخصیات کا حقیقی مقام متعین ہو سکے۔




