بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے حملے کے خلاف مؤثر اور فوری کارروائی کرتے ہوئے 5 ڈرون گرا دیے گئے۔
دہشت گردوں نے ضلع خاران کے علاقے البٹ میں قائم چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت ردِعمل میں پانچوں ڈرون ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کیچ کے علاقے میناز میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے فتنہ الہندوستان کے 1 دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے 2 خواتین کو ساتھ لے جاتے ہوئے ناکہ بندی کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 1 دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
کیچ میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع کیچ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کیچ کے علاقے میناز بلیدہ میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی اہم کامیابی ہے، دو خواتین کو ہمراہ لے جانے والے دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی فورسز کی صلاحیتوں کا مظہر ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔




